• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت ،ورثا کا احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گڈاپ خلجی گوٹھ کوچی کیمپ یثرب کالونی میں پولیس کا منشیات کے اڈے پر چھاپہ ،منشیات فروشوں اور پولیس کےدرمیان مقابلے کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ایک زخمی ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق ملیر پولیس نےخلجی گوٹھ میں قائم منشیات فروش جنت گل کے اڈے پر چھاپہ مارا جس پر اڈے میں موجود منشیات فروشوں نے پولیس پر فائرنگ کردی اورگاڑیوں پر پتھرائو کیا، پولیس نے اضافی نفری کو طلب کرلیا اور پورے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد اڈے کی جانب پیش قدمی شروع کردی ،پولیس نے 2منشیات فروش عزت خان اور ذیشان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس نے مزید پیش قدمی کی تو ملزمان نے ایک بار پھر حملہ کردیا جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی اسی دوران فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر 2نوجوان شدید شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 18سالہ بلال نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا ،نوجوان کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین مشتعل ہو گئے ،اسپتال سے مقتول کے ورثا نے لاش وصول کرنے کے بعد سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا اور ٹائر جلانے کے ساتھ ہنگامہ آرائی بھی کی ،جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ،پولیس نے مذاکرات میں ناکامی کے بعد مظاہرین پر دھاوا بولتے ہو ئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جبکہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھرائو کیا گیا ، ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر سمیت دیگر افسران نے موقع پر پہنچ کر 2گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کو ختم کروایا،ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہو ئے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کی نگرانی میں کمیٹی قائم کردی اور 3روز میں رپورٹ طلب کی ہے جس میں تعین کیا جائے گا کہ کس کی گولی سے نوجوان جاں بحق وزخمی ہوئے ہیں اور اگر پولیس کی غفلت ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔

تازہ ترین