• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی صدارت کے لیے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی

رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا ہےکہ اعتزاز احسن کو دنیا ذاتی طور پر جانتی ہے، ان کی تاریخ ہے،ہمارا امیدوار پیپلزپارٹی کا نہیں پورے پاکستان کا امیدوار ہے۔

اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم ہوگئی جب کہ پیپلز پارٹی نے اپنے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر مسلم لیگ (ن) کا اعتراض مسترد کردیا۔

رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے  کہ ماضی گزرگیا،ہمیں آگےکی طرف دیکھنا چاہیے،مسلم لیگ(ن)میں بہت سےمعاملہ فہم لوگ بات سمجھتے ہیں، امید ہےن لیگ یہ بات سمجھ کرمثبت فیصلہ کرےگی۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سمجھدار سیاستدان ہیں، ان پر اب بڑی ذمےداری ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو تلخیاں ختم کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔

پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار بنانے کی خواہاں ہے جس کے لیے اس نے متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان سے بھی مدد مانگ لی۔

جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان آج مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں اپوزیشن کے متفقہ صدارتی امیدوار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متفق ہوں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ صدارتی امیدوار کا نام آج سامنے آجائے گا۔

اس سے قبل فواد چوہدری دعویٰ کر چکے ہیں کہ صدراتی انتخاب کے لیے نمبرز پورے ہیں اور پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار عارف علوی ہی صدر مملکت ہوں گے۔

یاد رہے کہ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایوانِ صدر کے نئے مکین کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی امیدوار ہیں تاہم اپوزیشن اتحاد ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔

تازہ ترین