• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

باربی کیو کے چٹخارے دار مزے جو کھائے گا، بھول نہیں پائے گا

گھر گھر چٹ پٹے کھانوں سے دسترخوان سج رہے ہیں۔کسی گھرسے آرہی ہےخوشبو پلائوکی تو کسی گھر میںباربی کیو پارٹی کی تیاریاں ہورہی ہیں۔اگرچہ ہمارے ہاں گوشت کے پکوان کئی طرح سے بنائے جاتے ہیں لیکن باربی کیو کا الگ ہی مز ا ہوتا ہے۔ اس ہفتے ہم نے بھی باربی کیو کا ا ہتما م کیا ہے۔ چٹ پٹے کھانوں کے شوقین ویسے تو عید کے دن سے ہی مختلف قسم کے بار بی کیو ، سیخ کباب اور بھنی ہوئی رانوں اور بوٹیوں کے مزے اڑا رہے ہیں۔ لیکن ذرا ہماری باربی کیو دعوت میں شریک ہوجائیں۔انہیں کھا کر تو دیکھیں سب ذائقے بھول جائیں گے۔

باربی کیو چانپ

بکرے کی چانپیں آدھا کلو، باریک کٹا ہرادھنیا آدھی گٹھی، ہلدی ایک چائے کا چمچ، پسی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ ،ادرک لہسن پسا ہوا دوکھانے کے چمچے ،پپیتا پسا ہواکھانے کے تین چمچے، تیل تین کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ،المونیم فوئل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پہلے ایک پیالے میںبکرے کی چانپوں پر پپیتا اور حسب ذائقہ نمک لگا کرپندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر اس میں پسی لال مرچ ، ہلدی ، باریک کٹا ہرا دھنیا ،ادرک لہسن اور تیل شامل کردیں ۔ اب حسب ضرورت المونیم کے ٹکڑوں پر ایک ایک چانپ لپیٹ کررکھ دیں ۔انگیٹھی میں اچھی طرح سے کوئلے دہکا کر جالی رکھیں اور چانپوں کو اس پر پھیلا دیں ۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد سائیڈ تبدیل کرتےر ہیںپندرہ منٹ بعد ایک چانپ کو کھول کر چیک کریں ۔ گل جانے کی صورت میں تمام چانپیں اُتارلیں ۔ اگر کسرلگے تو پانچ منٹ تک مزید سینک لیں ۔ مزے دار باربی کیو چانپ تیار ہے۔

بیف روسٹ

اجزاء:گائےیا بکرے کا گوشت(ثا بت ٹکڑا، بغیر ہڈی) دو کلو، کالی مرچ دو کھانے کے چمچے، زیرہ پسا ہوا دو کھا نے کا چمچے، ہری مرچ پیسی ہوئی دو کھانے کا چمچے ، نمک حسب ذائقہ، دہی ایک پیالی، گرم مسالہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ ، ہلدی آدھا چائے کاچمچ،دھنیا پسا ہواایک کھانےکاچمچ، پپیتا دو کھانے کے چمچے ، پانی حسب ضرورت، تیل آدھی پیالی ۔

ترکیب:گوشت کو چھری کی مدد سے کٹ لگالیں، تاکہ مسالہ اندر تک رچ بس جائے۔ اب اس میں تمام مسالے لگا کر چار سے پانچ گھنٹے تک فریج میں رکھ دیں، تاکہ مسالا اور گوشت یک جان ہو جائیں، اب ایک بڑی دیگچی میں پانی گرم کریں اور اس دیگچی کے اوپر (چاولوں میں استعمال ہونے والا) چھنا رکھ دیں اور اسی کے اوپر گوشت کا ٹکڑا رکھیں اور اسے ڈھکن سےڈھانک دیں۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو ایک الگ دیگچی میں تیل گرم کریں اور اس میں گوشت کو دس سے پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ بیف روسٹ تیار ہے، اسے گرم گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔

بہاری بوٹی

اجزاء:گائے کا گوشت پارچے باریک کٹے ہوئےآدھا کلو،دہی ایک سو گرام،پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچے،پیاز ایک عدد (کٹی اور فرائی کی ہوئی)،لہسن ادرک پسا ہوا دو کھانے کے چمچے،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)،لال مرچ کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ،گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ،بیسن چار کھانے کے چمچے (بھنا ہوا)،سرسوں کا تیل چار کھانے کے چمچے،نمک حسب ذائقہ۔

گارنشنگ کے لئے:سلاد کے پتے تین سے چار عدد،کھیرے دو سے تین عدد،ٹماٹر دو سے تین عدد،

ترکیب:ایک بڑے پیالےمیں بیف کے پارچےاور تمام مسالے شامل کرکے اچھی طرح ملالیں۔اب اس کو دو سے تین گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔

اب میری نیٹ کیا ہوا گوشت اسکیورز پر لگا کر باربی کیو کرلیں یا اگر آپ چاہیں تو بیک یا فرائی بھی کرسکتے ہیں۔

سلاد کے پتوں، کھیرے اور ٹماٹروں کے ساتھ گرم گرم بہاری بوٹی سرو کریں

ملائی کباب

اجزاء:قیمہ ایک کلو،ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ،لال مرچ پسی ہوئی — ایک کھانے کا چمچ، اسپیشل باربی کیوگرم مسالہ پسا ہوا ڈیڑھ کھانے کا چمچ،کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچے،ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گٹھی،پودینہ (باریک کٹا ہوا) آدھی گٹھی،ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) چھ سے آٹھ عدد،ڈبل روٹی کے سلائس — چار عدد،انڈے دو عدد،فریش کریم آدھی پیالی،تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:ڈبل روٹی کو ایک پیالی دودھ میں دس سے بارہ منٹ تک بھگودیں، پھر دودھ سے نکال کر لکڑی کے چمچ سے دبا دبا کر اچھی طرح نچوڑ لیں-

نچوڑی ہوئی سلائس کو ادرک لہسن، نمک، لال مرچ، گرم مسالہ، پپیتا، ہرا دھنیا، پودینہ اور ہری مرچوں کے ساتھ قیمہ میں اچھی طرح ملا لیں-اب قیمے میں فریش کریم ملا کر لمبے لمبے کباب بنا لیں- لکڑی کی سیخوں پر لگا کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں-کڑاہی میں تیل درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ تک گرم کریں اور کبابوں کو پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبو کر سنہرا تل لیں-مزے دار ملائی کباب تیار ہیں ۔ پوری پراٹھے اور ہری چٹنی کے ساتھ بہت مزا دیں گے۔

پرشیئن چیلو کباب

اجزاء:گائے کا قیمہ آدھا کلو،لہسن پساہوا ایک کھانے کا چمچ، پیاز دو عدد،ٹماٹر تین عدد، کالی مرچ کٹی ہوئی دو چائے کے چمچے،انڈے کی سفیدی ،ڈبل روٹی کے سلائس تین عدد، تیل حسب ضرورت،نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:چوپر میں قیمہ، کُٹی کالی مرچ، انڈے کی سفیدی، عدد پیاز، لہسن اور ڈبل روٹی کے سلائسز شامل کرکےپیس لیں۔ اب اسے باربی کیواسٹکس پر لگاکر گرل کریں یا سٹیم کرکے فرائی کرلیں یا اوون میں بیک کرلیں۔ ایک مکسنگ باؤل میں بچی ہوئی ایک چائے کا چمچ کُٹی لال مرچ، نمک اور ٹماٹر شامل کرکے مکس کرکے ٹماٹروں کو گرل کرلیں۔ آخر میں دونوں کو ایک ساتھ ڈش آؤٹ کرکے سرو کرئیں۔

بوٹی تکہ

اجزاء: گائے کا گوشت ایک کلو چھوٹی (بوٹیاں کیا ہوا)،دہی ایک چوتھائی پیالی،لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ،کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ،اسپیشل گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے،ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچے،پپیتا پسا چار کھانے کے چمچے،نمک حسب ضرورت،تیل یا گھی حسب ضرورت۔سلادگارنشنگ کے لیے،املی کی چٹنی۔

اسپیشل باربی کیو گرم مسالے کی تیاری

اجزاء:جائفل — آدھی ،کالی مرچ ایک کھانے کا چمچ،بڑی الائچی تین عدد،دارچینی تین ٹکڑے،لونگ ایک کھانے کا چمچ،چھوٹی الائچی ایک کھانے کا چمچ،جاوتر ایک کھانے کا چمچ،سونف دو کھانے کے چمچ،سونٹھ ایک کھانے کے چمچ،زیرہ تین کھانے کے چمچے۔تمام اجزاء پیس لیں اور ائیر ٹائٹ جار میںمحفوظ کر لیں۔

ترکیب:تمام اجزا کو پھینٹے ہوئے دہی اور لیموں کے رس کے ساتھ مکس کرکےبوٹیوں میں شامل کرکے اچھی طرح ملا کر تین سے چار گھنٹے کے لیےرکھ دیں-

بوٹیوں کو لکڑی کے اسکیورز پر لگا کر گرل پین یا پہلے سےگرم اوون میں 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر 20 سے 25 منٹ تک بیک کریں-ڈش میں نکال کر سلاد سے سجا کر املی کی چٹنی کے ساتھ مزے لے لے کر کھائیں۔

کلیجی کے تکے

اجزاء:کلیجی کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں – ایک کلو،دہی – ایک پیالی،پیاز – ایک عدد پسی ہوئی،نمک – حسبِ ضرورت،مرچ – حسبِ ذائقہ،گھی ایک پیالی۔

ترکیب: پین میں گھی کو گرم کرکے پسی ہوئی پیاز کواچھی طرح پکائیں ،پھر اس میں، نمک، مرچ اور دہی شامل کر کے خوب بھونیں ، خوشبو آنے لگے تو کلیجی ڈال کر دم دیں ۔ پانی اتنا ڈالیں کہ گلنے پر بالکل خشک ہوجائے۔ پھر سیخوں پر چڑھا کر کوئلوں پر رکھیں اور ہلکا ہلکا گھی اوپر ٹپکا دیں ،سرخ ہونے پر اتار لیں، سلاد اور چٹنی کے ساتھ کھائیں۔مزیدار کلیجی تکے تیار ہے۔

کٹا کٹ

بکرے کی کلیجی ایک عدد،بکرے کی چانپ چھ عدد،دل اور گردے ایک پاؤ ،بکرے کا مغز دو سے تین عدد،نمک حسب ضرورت،ادرک لہسن پسا ہوا ڈیڑھ کھانےکاچمچ ،پیاز دو عدد آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی ،لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانےکا چمچ،ہلدی آدھا چائےکا چمچ ، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ،سوکھی میتھی ایک کھانے کا چمچ ،دہی آدھی پیالی،ٹماٹر چار عدد،ہرا دھنیا،ہری مرچ گارنشگ کےلیے ،تیل آدھی پیالی۔

ترکیب:دل گردے کی جھلی صاف کرکے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور دھو لیں۔ ایک پتیلی میں تھوڑا سا پانی چولہے پر رکھیں، ابلنے لگے تو دل اور گردے اس میں ڈال دیں تیز آنچ پر پانچ منٹ ابالنے کے بعد پانی پھینک کر دل اور گردے چھلنی میں نکال لیں ۔کلیجی کے بھی بہت چھوٹے ٹکڑے کرلیں اس پر ایک ٹی اسپون کچلا یا پسا ہوا لہسن مل کر دس منٹ فریج میں رکھ دیں ،پھر اسے بھی دھو کر اسی چھلنی میں ڈال دیں ۔

آدھی پیالی پانی ایک پتیلی میں ڈالیں چٹکی بھرہلدی ڈال کر ابالیں مغز اس میں دھو کر ڈال دیں جب پانی خشک ہوجائے تو اتار کر جھلی صاف کرلیں اور چھلنی میں ڈال دیں اب تمام اجزاءبغیرہیک اور بدبو کے پکانے کے لیے تیارہیں ۔

اگر آپ کے پاس پھیلاہوا بڑا سیدھا تواہے تو بہت اچھی بات ہے ورنہ عام کڑھائی میں تیل ڈال کر گرم کرلیں اور پیاز باریک کٹی ہوئی ٹماٹر، ادرک لہسن، چانپ، دل، گردے ڈال کر ہلکی آنچ پرڈھانک کر رکھ دیں ۔پندرہ بیس منٹ بعد ڈھکن کھول کر دیکھیں کہ ٹماٹر کا پانی سوکھ گیا کہ نہیں، چانپ گلنے پر آگئےہوں تو انھیں نکال لیں اور ان کی ہڈی الگ کرلیں اگر گوشت نہ گلا ہو تو ذرا سا پانی کا چھینٹا دے کر پھر ڈھانک کر رکھ دیں ۔کوشش کریں کہ دوبارہ پانی نہ ڈالنا پڑے۔ چانپ کو کلیجی اور مغز کی کڑھائی میں دوبارہ ڈال لیں

کسی بھاری چمچے یا انڈا پلٹنے کےدو چمچوں سے اسے کچلنا شروع کریں آنچ تھوڑی تیز کردیں اور اب نمک، مرچ ،دہی ،گرم مسالہ ،ہلدی ،سوکھی میتھی بھی شامل کرلیں ۔

اتنی دیر فرائی کریں کہ خوب بھن جائے اور تیل نکل آئے اور ایک زبردست خوشبو آنے لگے۔ڈش میں نکال کرہرا دھنیا ،ہری مرچ کاٹ کر ڈالیں اور گرما گرم مزے دار کٹاکٹ نان رائیتہ سلاد کے ساتھ پیش کریں

آپ کا بقر عید پر بنایا ھوا کٹاکٹ سب کو بہت پسند آئے گا،یہ گائے یا مرغی کے گوشت میں نہیں بنتا آپ صرف اسے بکرے کے اجزا سےہی بنا سکتےہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین