راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)باخبر ذرائع کے مطابق دریائے جہلم پر 640میگا واٹ کے نئے ہائیڈرو پاورپراجیکٹ آزاد پتن پر پیش رفت شروع ہو گئی ہےاور منصوبہ پر کام شروع کرنے سے قبل اس کے متبادل جنگل کیلئے تحصیل گوجرخان میں جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جہاں منصوبہ میں متاثر ہونے والے درختوں کی جگہ متبادل مصنوعی جنگل اگایا جاناہے۔جلدجگہ کی نشاندہی نہ ہونے کے باعث سابقہ حکومت کے دور میں منصوبہ کا افتتاح نہیں ہوسکا تھا ۔ دریائے جہلم پر 640میگا واٹ کا نیاہائیڈرو پاورپراجیکٹ آزاد پتن سی پیک کا حصہ ہے۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بورڈ آف یونیو کو راولپنڈی میں موضع جھاوڑیاں اور بدال میں32سو کنال جبکہ تحصیل گوجرخان کے موضع ڈھوک پناہ،ڈھوک کاکو اور درخالی خورد میں32سو 72کنال اراضی تجویز کی تھی۔جبکہ آزاد پتن منصوبہ کیلئے محکمہ جنگلات کی4سو 34ایکٹر اراضی کا متبادل درکار ہے۔واضح رہے کہ متبادل جگہ پر جنگل اگائے بغیر ڈیم سائیٹ کے جنگل کے درخت نہیں کاٹے جاسکتے۔جس کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار رہا۔ذرائع کے مطابق گوجرخان والی جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے جس کیلئے سیکشن چار کا نوٹیفکیشن تیار کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ فروری 2017میں بھی متبادل اراضی کیلئے ایک سائیٹ کی ایکوزیشن کیلئے سیکشن چار کا نوٹیفکیشن ہوا تھاتاہم بعد میں نامعلوم وجوہات کے باعث اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔720میگا واٹ کے ہائیڈل کروٹ پاور پراجیکٹ منصوبہ کیلئے پہلے ہی راولپنڈی کے موضع مجاہد میں متبادل جنگل لگایا جارہا ہے۔زرائع کے مطابق تحصیل گوجرخان میں جگہ کے فیصلے کے بعد دو تجاویز ہیں۔ پہلی تجویز کے تحت ڈھوک کاکو ،ڈھوک پناہ اور درخالی خورد میں32سو72کنال9مرلہ جبکہ دوسری تجویز کے تحت ڈھوک پناہ اور ڈھوک کاکو میں34سو78کنال19مرلہ اراضی کی نشاندہی کرکے منظوری کیلئے ڈی سی کو بھجوائی گئی ہوئی ہے۔جس میں سے ایک جگہ کا لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے تحت سیکشن چار کا نوٹیفکیشن جار ی ہوگا۔