اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے جعلی اکائونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)کے سامنے پیش ہو کر بیان قلمبند کرا دیا۔دونوں نے جعلی اکائونٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ آصف زرداری اور فریال تالپور سے 35 منٹ تک پوچھ گچھ کی گئی ، آصف زرداری کا بعض سوالات کے جواب دینے سے گریز سابق آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو ایف آئی اے کی جانب سے 3 مرتبہ طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد ایف آئی اے نے دونوں شخصیات کوچوتھی مرتبہ طلب کرتے ہوئے نوٹس بھجوایا جس میں ہدایت دی گئی کہ وہ 27 اگست کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں متعلقہ تفتیشی افسران کے سامنے پیش ہوں۔ ایف آئی کی جانب سے چوتھی بار طلبی کے بعد سابق صدر آصف زرداری اپنی بہن فریال تالپور کے ہمراہ ایف آئی اے کے زونل آفس پہنچے۔ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے جعلی اکائونٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سے 35 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔بیان قلمبند کرانے کے دوران آصف علی زرداری نے بعض سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا اور 35 منٹ تک سوالات کے جواب دینے کے بعد ایف آئی اے دفتر سے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما بھی آصف علی زرداری کے ہمراہ تھے۔