کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدارتی انتخاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹرعارف علوی نے سندھ ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کے کاغذات ان کے تجویزکنندہ خرم شیر زمان نے پیر کو رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ جس جماعت کا سربراہ آصف زرداری ہو وہاں کوئی کام نہیں ہوگا، صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی یقینی ہے ، ہم منگل کو اسکروٹنی کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔ہمارے امیدوار کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ۔پورے پاکستان کو یقین دلاتا ہوں ڈاکٹرعارف علوی پاکستان کی تاریخ کے بہترین صدر ہوں گے ۔انہیں ہمارے اندازے سے بیس پچیس ووٹ زیادہ ہے ملیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین وطن واپس آگئے ہیں اب وہ عارف علوی کی انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کو دوسری سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے کوئی خوف نہیں ہے ۔جب لیڈر شپ عمران جیسی ہوگی کام بھی ویسا ہوگا ،،جس جماعت کا سربراہ آصف علی زرداری ہو وہاں کوئی کام نہیں ہوگا ۔