• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز والی بال، پاکستان نے بھارت کو روند دیا، سیمی فائنل تک رسائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی کے بعد والی بال ایونٹ کے بھی سیمی فائنل میں پہنچ گیا، والی بال میں بھارت کو روند دیا۔ جبکہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ گول سے ہراکر مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کرلی۔ جمعرات کو پاکستانی ٹیم سیمی فائنل جاپان سے کھیلے گی۔ پاکستان نے اپنے 5 پول میچز میں مجموعی طور پر 45 گول کیے اور اس کے خلاف صرف ایک گول اسکور ہوا۔ پاکستان ٹیم پول بی میں 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ پول اے میں بھارت بھی 15 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ منگل کو جاپان نے کوریا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔ انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز میں منگل کو کھیلے گئے مینز ہاکی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے پانچویں اور آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح حاصل کی۔ میچ کے دوسرے ہی منٹ میں محمد عتیق نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو9ویں منٹ میں مبشر علی نے پینالٹی کارنر پر گول کر کے دوگنی کر دی۔25ویں منٹ میں مبشر علی نے پینالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کر کے ٹیم کی برتری 3-0 گولز کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی ٹیم چھائی رہی اور چھٹے منٹ میں پاکستانی کھلاڑی علی شان نے شاندار گول کر کے مقابلہ 4-0 گولز کر دیا جس کے بعد حریف ٹیم کی میچ میں واپسی کی تمام تر امیدیں ختم ہو گئیں۔ میچ کے 48ویں منٹ میں محمد عتیق نے پینالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کر کے مقابلہ 5-0 گولز کر دیا اور میچ کے اختتام تک حریف ٹیم کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عتیق اور مبشر علی نے 2، 2 اور علی شان نے ایک گول اسکور کیا۔ یاد رہے کہ گرین شرٹس نے تھائی لینڈ اور اومان کو 10،10 ، قازقستان کو 0-16اور ملائیشیا کو 1-4سے شکست دی تھی۔ دریں اثنا پاکستان والی بال ٹیم نے بھارت کو 1-3 سے شکست دیدی۔ مینز والی بال کوارٹر فائنل میں روایتی حریف مدمقابل ہوئے، بھارت نے پہلا سیٹ 21-25سے جیتا تاہم پاکستانی پلیئرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تینوں سیٹس اپنے نام کرتے ہوئے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کا اسکور 21-25، 21-25، 21-25 اور 23-25 رہا۔ قومی والی بال ٹیم نے پہلے پول میچ میں منگولیا کو 0-3 سے شکست دی تھی، دوسرے اور تیسرے میچ میں ایران اور کوریا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایشین گیمز میں چین کے میڈل کی تعداد206 ہوگئی ہے جس میں سونے کے97 ، چاندی کے64 اور کانسی کے45 میڈل شامل ہیں۔

تازہ ترین