پشاور(سٹی رپورٹر) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے چارسدہ روڈ پر 52 غیر قانونی سائن بورڈز کو ہٹا دیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر قیصر خان کنڈی نے پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منظور باچا کے ہمراہ چارسدہ روڈ پر فقیر آباد کے علاقے سے غیر قانونی سائن بورڈز کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران چارسدہ روڈ پر خزانہ کے علاقے تک باون کے قریب غیر قانونی سائن بورڈز کو بھاری مشینری کے زریعے ہٹایا گیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں غیر قانونی سائن بورڈز لگانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور دوبارہ غیر قانونی سائن بورڈز لگانے والوں کو جیل بھجوانے کا حکم جاری کیا ہے۔