اسلام آباد (حنیف خالد) قراقرم میراتھن میں شرکت کیلئے چوبیس ممالک کے بہترین اتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔ منفرد مقام اور سطح سمندر سے 11300 فٹ کی انتہائی اونچائی پر یہ میراتھن چیلنج نلتر ویلی میں منعقد ہوگا۔ ان کی پی اے ایف نلتر آمد پر ایئر وائس مارشل سرفراز خان ایئر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ایئر کمانڈ نے ان کا استقبال کیا۔ یہ ایونٹ پاک فضائیہ، بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈونچرز اور سیرینا ہوٹل کے باہمی اشتراک سے منعقد کرا رہی ہے 42.2KM اور 21.1KM کے ان تاریخی مقابلوں میں عالمی اتھلیٹس کے ساتھ پاک افواج کے 70 اور پاکستان کے 30 اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ اس میراتھن کا مقصد بین الاقوامی شہرت یافتہ ایتھلیٹس کو پاکستان کی خوبصورتی سے روشناس کرانا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 10 سال کے ایتھلیٹ سے لے کر 80سال کی عمر کے اتھلیٹس اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک کے عالمی شہرت یافتہ رنرز جیسا کہ زیاد رحیم (پاکستان)، ڈاکٹر جرگن کوہلمے ( جرمنی)، جانوس اور ایڈٹ کِس (ہنگری)، جان لم ینگ( ٹرینیڈاڈ)، گوسپ راگوسو ( اٹلی) جے سی سانتا ٹریسا (امریکہ)، رین اولسن (ڈنمارک) اور کولن لی (یو کے) اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس ایونٹ میں اپنے معیار کی بلندی کے خواہاں پاکستانی ایتھلیٹس کو سیکھنے اور اپنے جوہر دکھانے کا ایک شاندار موقع میسر آئے گا۔ مزید براں آسٹریلیا، بیلجیم، مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ، پولینڈ، قطر، یو اے ای، ارجنٹینا، آئرلینڈ، تائیوان، چائنا، سکاٹ لینڈ اور نیدر لینڈ کے رنرز بھی اس میراتھن میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔