لاہور(نمائندہ جنگ، آن لائن) صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگی رہنماخواجہ سعد رفیق کیخلاف لاہور کی مقامی عدالتوں میں اندراج مقدمہ کی الگ الگ درخواستوں پرسماعت ملتوی کر دی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا نے شہری تنزیلہ عمران کی درخواست پر سماعت کی اور درخواستگزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سلیم چوہدری نے دلائل دیے۔ درخوا ستگز ا ر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے 8 اگست کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر اشتعال انگیز تقریر کی جس میں انہوں نے عوام کو پاک فوج کے خلاف بھرکایا۔ درخواست گزار وکیل نے دلائل دیئے کہ مولانا فضل الرحمان نے تقریر میں کہا کہ ہم 14 اگست نہیں منائیں گے جس سے عوام کے جذبات مجروع ہوئے۔ مولانا فضل الرحمان کی تقریر بغاوت کے زمر ے میں آتی ہے۔ عدالت نے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کو آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔