• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرن جوہر کا آریان خان، خوشی کپور کو متعارف کرانے کا فیصلہ

بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار اور نئے چہرے متعارف کرانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ہدایت کار کرن جوہر نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور سری دیوی کی دوسری بیٹی خوشی کپور کو انڈسٹری میں متعارف کرانےکا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے تیاری شروع کردی ہے۔

دنیا بھر میں موجود مداحوں پر اپنی رومانوی اداکاری سے سحر طاری کرنے والے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں لیکن اب ان کے بیٹے آریان خان بھی بالی ووڈ میں انٹری دینے کی تیاری کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکار اور فلمساز کرن جوہر کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کرن جوہر شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کو سری دیوی کی دوسری بیٹی خوشی کپور کے ساتھ بہت جلد متعارف کر رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کرن جوہر نے خوشی کپور کی ڈیبیو فلم کی ذمہ داری بونی کپور سے لے لی ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے اب تک دونوں کی انٹری کو خفیہ رکھا ہے،اس لئے کرن نے بہتر اسکرپٹ کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔

اس سے قبل کرن جوہر اپنی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘سے عالیہ بھٹ، ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا کو متعارف کر چکے ہیںاور حال ہی میں وہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور شاہد کپور کے بھائی ایشان کتھر کو بھی فلم ’دھڑک‘ کے ذریعےفلم انڈسٹری کا حصہ بناچکے ہیں۔

تازہ ترین