وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی برطانیہ کے مرکزی نائب صدر چوہدری علی شان نے کہا ہے کہ پی پی پی نے اعتزاز احسن جیسے نامور سیاستدان اور قانون دان اور سینئر پارلیمنٹرین کو صدارتی امیدوار بناکر دانش مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اعتزاز احسن نہ صرف حق و سچ کی آواز ہمیشہ بلند کرتے رہے بلکہ ہر دور میں پی پی پی کیساتھ اپنے وفاداری کے طور پر پورے اترے ہیں۔ پی پی نے مولانا فضل الرحمان کی حمایت نہ کرکے بلوغت کا مظاہرہ کیا ہے۔ تعجب ہے مسلم لیگ ن نے کس طرح مولانا فضل الرحمٰن کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔ چوہدری علی شان نے کہا صدارتی عہدہ پاکستان کے قومی وقار کی شناخت ہوتا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمٰن نے بحیثیت چیئرمین کشمیر کمیٹی اپنی قومی ذمہ داریاں ادا نہ کرکے کشمیریوں کو مایوس کیا ہے۔ اگر سابقہ دور میں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین سینیٹر اعتزاز احسن یا آزاد کشمیر سے بیرسٹر چوہدری سلطان محمود کو بنادیاجاتا تو عالمی عدالت انصاف کی سطح پر ہماری مسئلہ کشمیر پر بہتر پوزیشن ہوتی۔ یہ بہت بڑا المیہ ہے مولانا فضلالرحمان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کیلئے کوئی آئینی و قانونی ماہرین پر مشتمل کمیشن نہیں بنایا۔