• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں احتجاج رنگ لے آیا، گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ، معاملے کو سفارتکاری سے طے کرنا چاہتے ہیں، شاہ محمود قریشی

کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان میں احتجاج رنگ لے آیا، گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ کردیے گئے،ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہےکہ گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، ایسے واقعات انتہاپسندی کوفروغ دیتے ہیں، ہالینڈ کےپاکستان میں سفیر نے بتایا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ترک کردیا گیا ہے،اللہ کا کرم ہوگیا کہ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ ٹل گیا،معاملے کو سفارتکاری سے طے کرنا چاہتے ہیں۔ غیرملکی میڈیا نے بتایا ہےکہ اسلام مخالف قانون ساز گیرٹ ویلڈرز نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کردیا ہے،یہ فیصلہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر احتجاج اوردیگر ممالک میں ممکنہ فسادات کے شدید خدشے کےپیش نظر کیا گیا، کارٹون بنانے والے گستاخ گیرٹ ویلڈرزنے رات گئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ان گستاخانہ مقابلوں کا انعقاد کرکے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا، گستاخانہ خاکوں کیمنسوخی کی وجہ یہ ہےکہ اس کے ملک اور شہریوں کو دنیا بھر میں خطرات بڑھ گئے ہیں اور اسے خدشہ ہے کہ احتجاج کے باعث کئی انسانوں کی زندگیاں بھی ختم ہوسکتی تھیں جس کا ذمہ دار وہ خود کو سمجھتا۔ ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تحریک لبیک کے رہنمائوں کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے،تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں پراپنا احتجاج رکارڈ کرادیا،ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ ہوگئے ہیں ، اس لئے درخواست ہے کہ تحریک لبیک کا قافلہ پرامن طورپر منتشر ہوجائے، دوسری جانب حکومت اورتحریک لبیک کےدرمیان مذاکرات کےبعد تحریک لبیک نے ریلی ختم کرنےکااعلان کردیا، پیر افضل قادری نے ایک بیان میں کہا کہ تحریک لبیک ریلی ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے جس کے بعد تحریک لبیک کے کارکنان رات گئے تک منتشر ہونا شروع ہوگئے۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کامعاملہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، حضرت محمد ﷺ مسلمانوں کے دلوںمیں رہتے ہیں، نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی ہر مسلمان کے لئے یکساں تکلیف دہ ہے لیکن مغرب کے لوگوں کو ہمارے جذبات کا احساس اور سمجھ کی نہیں ہے کیونکہ ہم مسلمانوں نے انہیں سمجھایا ہی نہیں ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو او آئی سی ممالک سے رابطے کے لئے ہدایت کی ہے، وہ اقوام متحدہ میں بھی اس سلسلے میں ملاقاتیں کرینگے ،ہم اپنی بات مغرب کو تب سمجھا سکیں گے جب سب مسلمان متحد ہوں، ہم نے ان کو سمجھایا نہیں کہ جس طرح وہ اپنے دین کی طرف دیکھتے ہیں ہم بھی اسی طرح دیکھتے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں بیک آواز ہو کر اس مسئلے کو اٹھائیں گے توتب یہ سلسلہ رکے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کی شب جاری ایک ویڈیوپیغام میں کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کے مسئلے پراو آئی سی کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم صرف تب انہیں سمجھا سکتے ہیں کہ جب ایک مسلمان ملک بات نہ کرے یا ایک مسلمان ملک ایک سفیر کو بلا کر اپنا احتجاج اس کے سامنے نہ کرے بلکہ ساری مسلم امہ او آئی سی کے فورم سے اقوام متحدہ میں بات کرےاور بتائے کہ ہمیں کتنی تکلیف پہنچتی ہے جب بار بار ہمارے نبی کی شان میں گستاخی کی جا تی ہے۔اور جب ہم سارے مسلمان ملک ایک پیچ پر آکر او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں بات کریں گے تو صرف تبھی یہ معاملہ رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کئی مسلم ملکوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اس حوالے سے ملاقاتیں کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ مغرب میں اکثریت کو معاملہ کا علم نہیں، یہ فتنہ وہاں کے چند لوگ کرتے ہیں، ہم احتجاج کریں گے اور مغرب کو اپنا نکتہ نظر بھی سمجھائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ انشاء اللہ ہم احتجاج کریں گے، دنیا کو اس مسئلے کے بارے میں سمجھائیں گے اور انشاء اللہ ہم کامیاب ہوں گے۔قبل ازیںتحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف پیدل لانگ مارچ کے شرکاء جمعرات کی رات کو گیارہ بجے الشفاء چوک جی ٹی روڈ راولپنڈی پہنچے۔مارچ کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت دیگر مرکزی رہنماء کررہے تھے۔مارچ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے نعرے بازی کی۔ 31 گھنٹے مسلسل سفرکے بعد تحریک لبیک کا پیدل لانگ مارچ راولپنڈی پہنچ گیا۔راولپنڈی میں پہلا پڑائو الشفاء چوک جی ٹی روڈ پر کیا گیا۔جہاں شرکاء نے رات کا کھانا بھی کھایا۔جبکہ اس دوران حکومت اور تحریک لبیک میں پنجاب ہائوس اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے۔ ٹی ایل پی کی جانب سے وفد کی قیادت پیر افضل قادری جبکہ حکومت کی جانب سے شاہ محمود قریشی وفد کی قیادت کر رہےتھے۔

تازہ ترین