• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ حقیقت ہے کہ وقت کو قابو نہیں کیا جاسکتا لیکن ہر گزرتے وقت کے عمر پر پڑنے والے اثرات کوضرور کم کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ اینٹی ایجنگ ادویات استعمال کرنے کے بجائے اینٹی ایجنگ غذائیں کھائی جائیں۔ اگر آپ صحت مند رہنا چاہتی ہیں تو اپنی صبح کا آغاز بھرپور انداز سے کریں۔ مشہور قول ہے کہ’’ صبح کا ناشتہ بادشاہ کی طرح، دوپہر کا کھانا وزیرکی طرح اور رات کا کھانا کسی فقیر کی طرح کھائیں‘‘،اس قول میں بھی ناشتے کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ 

ناشتہ، دن کی سب سے اہم اور صحت و توانائی کے حصول کے لیے لازمی خوراک ہے، میڈیکل سائنس اس کے بےشمار فوائد دریافت کرچکی ہے۔ اسی لیے آج ہم ناشتہ کے لیے کچھ اینٹی ایجنگ غذاؤں کے حوالے سے بات کرنے جارہے ہیں، جن کا استعمال آپ کو دیرپا حسن قائم رکھنے اور جوان رہنے میں مدد فراہم کرے گا۔ تو آئیے بات کرتے ہیں ناشتے کے لیے کچھ بہترین اینٹی ایجنگ غذاؤںکی۔

گریپ فروٹ

کیا آپ ناشتے کے لیے اینٹی ایجنگ غذا ڈھونڈرہی ہیں؟ اگر ہاں تو گریپ فروٹ یعنی چکوترےسے اچھا اور کیا ہوسکتا ہے۔ چکوترے میں کافی مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں، جو جلد کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ جھریوں کے خلاف مزاحمت بھی کرتے ہیں۔ اس پھل میں ایک جزاسپرمیڈائن بھی پایا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ جز خلیات میں عمر بڑھنے کے عمل کو سست کردیتا ہے۔ موٹاپےکے شکار افراد کے لئےبھی گریپ فروٹ ناشتہ کی ایک بہترین غذاہے۔ قدرت کےعطا کردہ اس پھل میں چربی پگھلانے والےتمام اجزاء شامل ہوتے ہیں، یہ خون میں شکر کی مقدار کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہوتا ہے ۔

جو کا دلیہ

ہم اس سے قبل بھی اپنی تحریروں میں جو کے دلیہ کا ذکر کرچکے ہیں۔ جو کا دلیہ اور جئی (Oatmeal) بہترین اینٹی ایجنگ غذائیں ہیں۔ یہ عام طور پر سیلیبرٹیز کے ناشتے کی بھی اہم غذائیں تسلیم کی جاتی ہیں، جب ہی ان کے لیے اپنی عمر کو چھپانا اتنا آسان ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اناج ایک ایسی جادو کی گولی ہے جو وٹامنز، معدنیات، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھری ہوتی ہے۔ اس کا ناشتے میں استعمال جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اناج کو صحت کے لیے ایک خزانہ سمجھا جاتا ہے۔صرف یہی نہیں، جو کا دلیہ امراض قلب اور ذیابطیس سے بچاؤ کے لیے بھی مفید ہے۔

انار کا جوس

بالی ووڈ باربی کوئین قطرینہ کیف ناشتے میں انار کا جوس پیتی ہیں۔ انار کا جوس قدرتی آکسیڈیشن کو کم کرتا ہےاور یہ بڑھتی عمر کے اثرات روکنے میں مددگار ہے۔ روزانہ 8اونس انار کا جوس پینے سے جلد بے داغ ،تروتازہ اور توانا محسوس ہوتی ہے۔

سبز چائے

ناشتے میں سبز چائے کا استعمال بہترین ہے، یہ اینٹی ایجنگ غذا ہےجو خون میں شکر کی مقدار کو بہتر، کینسر کے خلاف مزاحمت اور سوجن کے اثرات کو کم کرتی ہے۔ سبز چائے کی اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی ایجنگ خصوصیات چہرے سے جھریاں اور عمررسیدگی کے اثرات کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ سبز چائے جھریوں، لٹکی ہوئی ڈھیلی جلد اور دیگر جلدی مسائل کا خاتمہ کرنے کے لئے مفید ثابت ہوتی ہے ۔

انڈہ

طبی ماہرین کے مطابق روزانہ ناشتے میں انڈے کا استعمال صحت کیلئے بہترین ہے۔ کچھ عرصہ قبل انڈوں کو عام طور پر کولیسٹرول بڑھانے والی غذاؤںمیں شمارکیا جاتا تھا لیکن جدید تحقیق سے ثابت ہے کہ انڈہ ایک بہترین اینٹی ایجنگ غذا ہے کیونکہ انڈے کی زردی میں کیلشیم اور آئرن کی کثیر مقدار ک جبکہ سفیدی میں وٹامن اے ،ای ، بی2،B12سے بھرپور ہوتی ہے۔ بھرپور اینٹی ایجنگ خصوصیات سے لطف اندوز ہونے کیلئے انڈے کو تیل یا مکھن میں فرائی کرنے کے بجائے ابال کر استعمال کیا جائے۔ انڈوں میں موجود پروٹین اور اومیگا تھری کے ذریعے ہڈیاں، مسلز اور دانت مضبوط رہتے ہیں جبکہ اس سے ذہن بھی متحرک ہوتا ہے۔

ایواکاڈو

ایواکاڈو سیلیبرٹیز کا پسندیدہ پھل ہے۔ اس پھل میں اینٹی ایجنگ اور اینٹی آکسیدنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ اس پھل میںغذائیت و صحت بخش اجزاء کی خوبیاں وافر مقدار میں موجود ہوتی ہیں، جو جسمانی صحت کی درستی اور بحالی کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق40گرام ایواکاڈو تقریباً 64کیلوریز ،6گرام فیٹ (چکنائی)،3سے4گرام کاربوہائیڈریٹ، نہایت قلیل مقدار میں شوگر، کم از کم3گرام فائبر اور1گرام پروٹین پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایواکاڈو وٹامن کے، سی، ای اور بی6کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

تازہ ترین