میک اَپ کرنا ایک غیر معمولی فن ہے، زیادہ تر خواتین میک اَپ کی دلدادہ ہوتی ہیں اور فیشن کی مناسبت سے نت نئے تجربات بھی کرتی رہتی ہیں۔ کچھ خواتین تو میک اَپ کرنے میں اتنی ماہر ہوجاتی ہیں کہ انہیں پھر کسی تربیت کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ اسی طرح کچھ خواتین کی معلومات میک اَپ کے بارے میں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اور وہ میک اَپ کرتے وقت توازن نہیں رکھتیں، جس کی وجہ سے وہ خوبصورت لگنے کے بجائےبھدی نظر آتی ہیں۔
چاہے کوئی بھی موقع ہو، خواتین میک اَپ کرنا کبھی نہیں بھولتیں، اسی طرح ہر خاتون جب میک اَپ کرتی ہے تو اس کی وجہ بھی مختلف ہوتی ہے۔ کچھ کے مطابق میک اَپ کرکے وہ خود کو زیادہ پراعتماد محسوس کرتی ہیں اور کچھ کہیں گی کہ وہ Looksکے ساتھ تجربات کرنا پسند کرتی ہیں، وغیرہ۔
آج ہم یہ جاننے کی کوشش کریںگے کہ خواتین کے لیے میک اَپ کیوں اہمیت رکھتا ہے۔
دھوپ سے جِلد کی حفاظت
شاید کم ہی خواتین جانتی ہوں گی کہ دھوپ سے جِلد کو محفوظ رکھنے کا ایک طریقہ میک اَپ بھی ہے۔ جی ہاں، میک اَپ خواتین کی جلد کو سورج کی دھوپ کی خطرناک الٹرا وائلٹ (UV) شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس لیے اگر کوئی بھی خاتون میک اَپ اس مقصد کے لیے کرنا چاہتی ہے کہ وہ اپنی جِلد کو دھوپ سے محفوظ رکھنا چاہتی ہے تو اسے SPFفارمولے والے میک اَپ کا انتخاب کرنا چاہیے۔ خواتین اس سلسلے میں BB Creamیا فاؤنڈیشن کا انتخاب بھی کرسکتی ہیں،جو SPFفارمولا کے ساتھ آتی ہے، یہ ناصرف جلد کو دھوپ سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ جلد میں چمک اور نکھار بھی پیدا کرتی ہے۔
فطری شکل کی بحالی
شاید کوئی یہ سوچ رہا ہوگا کہ جِلد پر میک اَپ کی تہہ چڑھا کر کوئی فطری شکل کیسے حاصل کرسکتا ہے؟ تاہم، ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ میک اَپ کرنے کا قطعی یہ مقصد نہیں ہوتا کہ خواتین اپنی فطری شکل چھپانا چاہتی ہیں۔ دراصل، میک اَپ کا مقصد ہی فطری شکل کی نوک پلک سنوار کر اسے بہتر اور پُرکشش انداز میں گروم کرنا ہوتا ہے، تاکہ آپ تروتازہ نظرآئیں۔
خود اعتمادی میں اضافہ
بلاشبہ میک اَپ کرنے کی ایک بڑی اور اہم وجہ خود اعتمادی حاصل کرنا ہوتی ہے۔ میک اَپ آپ کی جِلد کی ہر خامی کو چھُپا دیتا ہے اور یہ خوداعتمادی میں اضافے کےلیے بڑی اہم بات ہے۔ میک اَپ کے ذریعے چہرے پر موجود تمام نشانات، دھبے اور آنکھوں کے گرد کالے ہلکے بآسانی چھپائےجاسکتےہیں، اس طرح درحقیقت آپ کے چہرے کی فطری شکل سامنے آجاتی ہے۔ کیونکہ بہرحال، نشانات، کالے سفید دھبےیا دانے جلد کا حقیقی حصہ نہیں ہوتے۔ اکثر خواتین اپنے چہرے میں پیدا ہونے والے نقائص کی وجہ سے پریشان ہوتی ہیں، تاہم میک اَپ کرکے وہ خود کو آرام دہ اور بااعتماد محسوس کرتی ہیں۔
فطری خوبصورتی میں اضافہ
میک اَپ، فطری خوبصورتی میں اضافہ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔ تاہم ہر وقت حد سے زیادہ میک اَپ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ ہلکے میک اَپ کا انتخاب کرسکتی ہیں، جو آپ کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بننے کے علاوہ آپ کی فطری شکل بھی بحال کرتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو بس ایک بات کا خیال رکھنا ہوگا اور وہ یہ کہ، آپ کو اپنی جلد کی ٹون کے مطابق دُرست میک اَپ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ دُرست میک اَپ کا انتخاب کرکے آپ ناصرف اپنی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں بلکہ اپنے چہرے کے ہر حصے کو نمایاں بھی کرسکتی ہیں۔
کیریئر میں مددگار ثابت
ماہرین سماجیات اس بات پر متفق ہیں کہ جو خواتین اپنے لباس اور میک اَپ کا خیال رکھتی ہیں، کیریئر میں ان کی ترقی کے امکانات دیگر خواتین کے مقابلے میں 20فیصد بڑھ جاتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی ہوا کہ ایسی خواتین تنخواہ کے معاملے میں بھی دیگر خواتین کے مقابلے میں زیادہ خوش قسمت ثابت ہوتی ہیں۔ کارپوریٹ کلچر میں بھی آپ کو جو رجحان نظر آئے گا، وہ بھی درج بالا تصور اور ماہرین سماجیات کی رائے کو مضبوط کرتا نظر آئے گا۔ اچھے میک اَپ کے لیے ضروری ہے کہ خواتین اپنی جِلد کا اچھی طرح خیال رکھیں۔
دوسروں کا خیال رکھنا
میک اَپ کے ذریعے خواتین ناصرف اپنا خیال رکھتی ہیں بلکہ دراصل دوسروں کا خیال رکھنا بھی اسی کی مرہون منت ہی ہے۔ جب آپ کو کسی پروگرام یا تقریب میں مدعو کیا جاتا ہے،تو آپ پر لازم ہے کہ آپ وہاں اچھی ڈریسنگ اور موقع کی مناسبت سے میک اَپ کرکے بن سنور کر جائیں، کیونکہ اس میں ناصرف آپ کی بلکہ میزبان کی عزت بھی ہے۔