• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدام حسین دو سال کیلئے پاکستان فٹ بال ٹیم کے کپتان مقرر


پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان نے کہا ہے کہ صدام حسین کو دو سال کیلئے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے تاکہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہے، پاکستانی فٹ بال پر تین قومی اور عالمی پابندی کے بعد قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم کے نئے برازیلین کوچ کا بھی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم حصہ ہے ہماری خواہش ہے کہ کپتان اور کوچ کے ساتھ مسلسل ہم آہنگی رہے۔

’جنگ‘ سے باتیں کرتے ہوئے احمد یار کا کہنا تھاکہ بنگلہ دیش میں ہونے والی ساف چیمپئن شپ کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ امید ہے ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

احمد یار نے مزید کہا کہ صدام حسین سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہیں، ٹیم کی کپتانی کیلئے ان سے بہتر چوائس نہیں تھی۔ اس فیصلے کا مقصد قومی ٹیم کی پالیسیوں میں تسلسل اور کپتان کو احساس تحفظ دیتے ہوئے اعتماد کی دولت سے مالا مال کرنا ہے۔

قومی فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین بھی ساف کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند اور وہ ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کریں گے۔

پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار پلیئرز کو بہترین غیر ملکی ٹرینرز کی رہنمائی میسر آئی ہے، تربیتی کیمپ میں مسلسل محنت کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی استعداد میں نمایاں بہتری آچکی ہے اور اسٹمینا بہتر ہوجانے کی وجہ سے پورے میچ میں یکساں معیار کا کھیل پیش کرنے کی صلاحیت حاصل کرچکے ہیں، ساف کپ میں نہ صرف کہ اچھی کارکردگی پیش کرنے بلکہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ برازیلی کوچز نے قومی فٹبالرز کی کارکردگی میں نکھار لانے کیلئے سخت محنت کی ہے۔ ایشین گیمز کے دوران ٹیم کی پرفارمنس میں مسلسل بہتری دیکھی گئی۔

نیپال کے خلاف فتح اس کا بڑا ثبوت ہے۔ پوری امید ہے کہ قومی ٹیم بہتری کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے ساف کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

تازہ ترین