کوہاٹ......کوہاٹ میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دہشت گردوں کے 6سہولت کاروں اور ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سمیت 34افراد گرفتار کرلئے ۔
مطلوب دہشت گرد کے سر کی قیمت 10لاکھ روپے مقرر تھی۔ چارسدہ میں بھی حساس اداروں کی کارروائی میں ایک مشتبہ شخص پکڑا گیا ۔کوہاٹ بائی پاس روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکا سرچ آپریشن کیا ،جس کے دوران دہشت گردوں کے 6سہولت کاروں سمیت 33 افراد گرفتارہوئے ۔
گرفتار سہولت کار کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کو پناہ دیتے تھے، ملزمان میں افغان باشندے بھی شامل ہیں ۔ کوہاٹ پولیس اور خفیہ اداروں نے ایک اور کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے انتہائی مطلوب دہشت گرد دلاور خان عرف مفتی کو گرفتار کرلیا، جس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔ڈی پی او کوہاٹ کےمطابق ملزم بم دھماکوں اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا ۔
دوسری جانب باچاخان یونی ورسٹی پر حملے کے بعد چارسدہ میں بھی دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔ تازہ کارروائی تھاناپڑانگ کے علاقے غریب آباد میں کی گئی گئی ۔ جہاں حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کر سہیل نامی ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ۔