• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،ہول سیل فروٹ اور سبزی مارکیٹ میں سہولتوں کا فقدان،تاجروں اور خریداروں کو مشکلات

سکھر (بیورو رپورٹ) سندھ کی سب سے بڑی ہول سیل فروٹ اینڈ سبزی مارکیٹ میں سہولیات کے فقدان کے باعث تاجروں اور خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مارکیٹ کے تمام روڈ راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ جگہ جگہ گند وکچرے کے ڈھیر اور نکاسی نظام مفلوج ہونے سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع رہنا روز کا معمول بنا ہوا ہے، سبزیوں اور فروٹ کو دھوپ و بارش سے بچانے کے لئے قائم کئے جانیوالے شیلٹر بھی خستہ حالی کا شکار ہوکر ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں۔ سکھر میں قائم ہولسیل فروٹ اینڈ سبزی مارکیٹ سندھ کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، جہاں کروڑوں روپے کی سبزیاں اور فروٹ کی خرید و فروخت کی جاتی ہے۔ مختلف علاقوں سے لائے جانیوالی سبزیوں اور فروٹ کو کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھیجا جاتا ہے۔ روزانہ درجنوں ٹرک ہول سیل منڈی میں سبزیاں اور فروٹ لیکر آتے ہیں اور یہاں سے سبزیاں اور فروٹ مختلف شہروں میں بھیجے جاتے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی و لاپرواہی کے سبب ہولسیل فروٹ اینڈ سبزی مارکیٹ میں سہولیات کے فقدان نے یہاں کام کرنیوالے تاجروں اور خریداری کے لئے آنیوالوں کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ سبزی منڈی کے تمام روڈ راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کے باعث سبزیاں اور فروٹ لیکر آنے اور جانیوالے ٹرک کے ڈرائیورز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، روڈ راستے خراب ہونے کے باعث گاڑیاں الٹنے کے خدشات بھی ہوتے ہیں، جبکہ مارکیٹ میں جگہ جگہ گند و کچرے کے ڈھیر بھی لگے ہوئے ہیں، جنہیں اٹھانے والا کوئی نظر نہیں آتا، نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے سے سیوریج کا پانی جمع رہنا بھی روز کا معمول بنا ہوا ہے، مختلف مقامات پر جمع ہونیوالا سیوریج کا پانی جوہڑ کی شکل اختیار کرچکا ہے، جس سے اٹھنے والے تعفن و بدبو نے مارکیٹ آنیوالوں کو بھی مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ سبزی مارکیٹ میں سبزیوں اور فروٹ کو دھوپ اور بارش سے بچاکر انہیں محفوظ رکھنے کے لئے شیلٹر بھی قائم کئے گئے تھے مگر وہ بھی خستہ حالی کا شکار ہوکر ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں، جس کے باعث سبزیاں اور فروٹ کھلے آسمان تلے رکھی جاتی ہیں۔ اس حوالے سے مارکیٹ میں کام کرنیوالے تاجروں کا کہنا ہے کہ ہولسیل فروٹ اینڈ سبزی مارکیٹ میں کروڑوں روپے کے سامان کی خرید و فروخت کے باعث حکومت کو روینیو کی مد میں خطیر رقم ادا کی جاتی ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سبزی منڈی میں سہولیات فراہم کرنے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں، منڈی میں صفائی و ستھرائی کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ مارکیٹ کچرا کنڈی میں تبدیل ہوتی جارہی ہے، روڈ راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، متعدد بار انتظامیہ سے رابطہ کرکے سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے درخواست کی گئی مگر آج تک ہماری مشکلات کے ازالے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ ہولسیل فروٹ اینڈ سبزی مارکیٹ میں سہولیات کی عدم فراہمی کا نوٹس لیکر صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال، مفلوج نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور تاجروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ مارکیٹ میں خریداری کے لئے آنیوالے افراد اور یہاں کام کرنیوالوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔
تازہ ترین