ٹھٹھہ(نامہ نگار) جامعہ سندھ ٹھٹھہ کیمپس میں پاکستان سائنٹفک اینڈ ٹیکنالوجکل انفارمیشن سینٹر کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ سندھ ٹھٹھہ کیمپس میں مرکز برائے سائنسی و تکنیکی معلومات پاکستان کے حوالے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت جامعہ سندھ کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سرفراز سولنگی نے کی، اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ سائنسی ادب تک رسائی محققین کے لیے ہمیشہ سے ایک نہایت ہی بڑا مسئلہ رہا ہے تاہم پاکستان سائنٹفک ایںڈ ٹیکنالوجکل انفارمیشن سینٹر (پاسٹک) جوکہ بنیادی طور پر پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کا ایک یونٹ ہے محققین کو سائنسی معلومات تک مفت رسائی فراہم کرتا ہے اس کے علاوہ پاسٹک کی جانب سے ابھرتے ہوئے محققین اور اسکالرز کی تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ان کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جو کہ نہایت ہی قابل تعریف عمل ہے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاسٹک کے ساتھ ہمارے تعاون سے مستقبل میں جامعہ سندھ ٹھٹھہ کیمپس کے اساتذہ اور طلبہ مستفید ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد مہر نے کہا کہ مرکز برائے سائنسی و تکنیکی معلومات ایک اعلیٰ ادارہ ہے جو کہ سائنسدانوں، محققین، انجنیئرز، کاروباری حضرات اور دیگر ملکی شہریوں کو سائنسی و تکنیکی معلومات کی فراہم کے لیے کارہائے نمایاں سرانجام دے رہا ہے۔