نارووال(نمائندہ جنگ) سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی ادارے عوام کے ووٹوں کے ساتھ منتخب ہوئے ہیں ان کی مدت پانچ سال کے لیے ہے اگر ان اداروں کے فنڈز روکے گئے یا ان اداروں میں غیر جمہوری اکھاڑ پوچھاڑ کر کے کا ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھولا گیایا ان کی مدت کو کم کرنے یا ختم کرنے کی کوئی سازش کی گئی تو ہم اس کا بھر پور محاسبہ کریں گے کسی کو اجازت نہیں دیں کے کہ صوبہ پنجاب کے اندر بلدیاتی اداروں پر کسی قسم کا ڈاکہ یا شب خون نہیں مارنے دیا جائے گا، وزیر اعظم ہاؤس میں جو گاڑیاں ہیں وہ نواز شریف کی ملکیت نہیں تھیں وہ اُن غیرملکی سربراہوں کے دوروں پر اور ان کی کانفرنس پر ان کی میزبانی کے لیے خریدیں گئیں جو اہم ایشوز پر پاکستان آتے ہیں ،اگر ان کو نیلام کیا گیا تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے دور میں کوئی بین الاقوامی کانفرنس منعقد نہیں ہوگی اگر کوئی غیر ممالک سے آیا تو پھر نئی گاڑیاں خریدنا پڑیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق اقلیتی ایم پی اے رامیش سنگھ اروڑااوراقلیتی کونسلراے ایس راجہ کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ ن مینیارٹی ونگ و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ،چیئر مین ضلع کونسل احمد اقبال،چیئر مین میونسپل کمیٹی شہزاد اظہر الحسن ،اندر جیت سنگھ و دیگر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔احن اقبال نے کہا عمران خان صاحب اپنے ملٹری سیکرٹری کے گھر رہیں یا کسی محل میں رہیں قوم کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے قوم کو اس سے دلچسپی ہے کہ جو لوڈشیڈنگ ہم نے ختم کی ہے اس کو دوبارہ واپس نہیں آنا چاہیے۔