• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس نے لاپتا افراد کا معاملہ مسنگ پرسن کمیشن کو بھیج دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس نےلاپتہ افراد کی درخواستیں مسنگ پرسن کمیشن کو ارسال کرتےہوئے ریمارکس میں کہاہےکہ اہل خانہ حوصلہ رکھیں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن آپ کے پیاروں کی بازیابی یقینی بنائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو چھٹی والے دن چیف جسٹس میاں ثاقب نثار جب دفتری امور نمٹانے کیلئے کراچی رجسٹری پہنچے تو سپریم کورٹ کے باہر سائلین نے چیف جسٹس کو دیکھ زندہ باد کے نعرے لگانا شروع کردئیے،سائلین نے پلے کارڈز بھی اٹھارکھےتھے جن پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار زندہ باد اور چیف جسٹس ہی سے انصاف کی امید ہےکے نعرے درج تھے۔ چیف جسٹس نے مرکزی دروازے پر رک کر سائلین سے ملاقات کی اور انہیں عدالتی عملے کے پاس اپنی درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی اور انہیں یقین دلایا کہ آج پہلی فرصت میں سائلین کی درخواستوں کو سنا جائے گا۔ بعدازاں عدالتی عملے نے سائلین سے درخواستیں وصول کی اور چیف جسٹس نے درخواست گزاروں کو سننے کیلئے اپنے چیمبر میں طلب کرلیا،درخواست گزاروں میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور زمینوں پر قبضہ سے متعلق متاثرین بھی شامل تھے۔ درخواست گزاروں میں زیادہ تر خواتین تھیں ان میں ایک خاتون نے بتایاکہ اس کا بیٹا محمد صابر منصور 2016 سے لاپتہ ہے جسے لیاقت آبادمیں واقع اپنی رہائش گاہ سے اٹھایا گیا اورتاحال لاپتہ ہے،خاتون سمیت اس کا شوہر اداروں میں دھکے کھا کھا کر تھک گئے۔
تازہ ترین