دنیا بھر میں مقیم تقریباً اسی لاکھ پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ملنے کے دیرینہ مطالبے اور ایک طویل جدو جہد کے بعد بالاآخر سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اگلے چند ماہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا حق دینے کا فیصلہ کردیا ہے، جسے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نےخوش آئند قرار دیا ہے۔اس حوالے سے جاپان میں مقیم پاکستانیوں سے گفت گو کا موقع ملا۔سینئر پاکستانی اور تحریک انصاف جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور دیگر کی درخواست پر سماعت کی اوردوران سماعت چیف جسٹس نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن، نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی معاونت سے انتظامات کو یقینی بنائے اور انٹرنیٹ ووٹنگ (ای ووٹنگ) کے انتخابی نتائج کو بالکل علیحدہ رکھا جائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بعد ازاں ای ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو ضمنی انتخابات کے نتائج میں شامل کیا جائے تاہم تنازع کی صورت میں ای ووٹنگ کے نتائج کو علیحدہ کردیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت مبارک ہو، آج ان کے ووٹ ڈالنے کے حق کو تسلیم کرلیا گیا ہے، اب اس پر عملدرآمد کا معاملہ ہے اور انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
مزید تفصیلات بتاتے ہوئے جاپان کے سینئر صحافی شاہد مجید نے کہا کہ اسی حوالے سے ہونے والی پٹیشن میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پائلٹ پراجیکٹ بنانے پر الیکشن کمیشن اور نادرا کے مشکور ہیں لیکن اس منصوبے کو الیکشن کمیشن کے قوائد اور آپریشن پلان کے تحت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا پائلٹ پراجیکٹ کے انتخابی عمل کو فول پروف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرے، تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کردیا جائے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے مزید ہدایت دی کہ انتخابی نتائج کی درستی سے متعلق تمام نتائج کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھا جائے۔خیال رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق تحریک انصاف اور دیگر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم حالیہ انتخابات میں یہ لوگ ووٹ ڈالنے سے محروم رہے تھے۔سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے لیے انٹرنیٹ ووٹنگ ٹاسک فورس (آئی سی ٹی ایف) تشکیل دی گئی تھی، جس نے تفیصلی رپورٹ میں ای ووٹنگ کے نظام کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق دینے سے متعلق تاریخی فیصلہ کیا اور نادرا نے ای ووٹ کا عملی مظاہرہ سپریم کورٹ کو کرکے دکھایا۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ تمام فریقین بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر متفق ہیں اورای ووٹنگ نظام قلیل تعداد کے ووٹرز کے لیے دنیا میں رائج ہے جن میں ناروے، ایستونیا اور آسٹریلیا نے بیرون ملک شہریوں کے لیے یہ طریقہ اپنایا تھا۔ٹاسک فورس کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ووٹرز کی تعداد 60 لاکھ ہے جو ای ووٹنگ کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ تعداد ہے جبکہ سائبر ماہرین نے ای ووٹنگ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔سائبر ماہرین کے تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ سائبر سیکیورٹی کے ماہرین ای ووٹنگ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں کیونکہ مکمل سیکیورٹی اور پاور فل فائر وال کے باوجود ہیکنگ کا خطرہ موجود رہتا ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان کے معروف شاعر مشتاق قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا،یہ خوش آئندہے، یکم تا 15ستمبر تک تمام سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی جس کے تحت تمام سمندر پار پاکستانی جن کے پاس قومی شناکتی کارڈ برائے سمندرپار پاکستانی (نائیکوپ) یا ایم آر پی موجود ہو وہ اپنے آپ کو بطور ووٹر رجسٹر کرواسکیں گے۔ رجسٹرڈ ہونے والے ووٹرز آئندہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
اس ضمن میں نادرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ ماہ ستمبر کے آغاز سے قبل تشکیل دیئے گئے سافٹ ویئر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے۔جس کے بعد توقع ہے کہ جلد ہی بیرون ملک مقیم پاکستانی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوجائیں گے ، اس موقع پر سینئر پاکستانی انعام الحق نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ اپنے آپ کو بطور اوورسیز پاکستانی ووٹر رجسٹرڈ کرائیں اور ووٹ ڈال کر ایک ذمہ دار پاکستانی ہونے کا حق ادا کریں۔