اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کے کامیاب آپریشن کے بعد مریض اور ڈونر دونوں روبی صحت ہیں۔ انچارج شعبہ نیفرالوجی ڈاکٹر سید سہیل تنویر کنسلٹنٹ سرجن ڈاکٹر ساجد قاضی ، ڈاکٹر اقبال میمن ، سینئر نیفرالوجسٹ و ٹرانسپلانٹ کوارڈینیٹر پمز ڈاکٹر خاور سلطان اور ڈاکٹر طارق عبداللہ پر مشتمل ٹیم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔سینئر صحافی شہزاد احمد راٹھور کے بھائی منصور شاہد راٹھور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انہوں نے اپنا ایک گردہ اپنے والد شاہد احمد راٹھورسابق ممبر کشمیر کونسل کو عطیہ کیا تھا ۔کچھ عرصہ سے ان کا دوسرا گردہ بھی کام کرنا بند ہو گیا تھا جس وجہ سے وہ ڈائیلائسز کروا رہے تھے ۔پمز میں گردے کی مفت پیوند کاری شروع ہونے پراْن کی اہلیہ نے اپنا گردہ عطیہ کیاجس کی پیوندکاری کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق مریض اور ڈونر دونوں تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ پمز ہسپتال میں گردے کے عارضے میں مبتلا افراد کیلئے مفت ڈائیلائسز کی خدمات بھی دی جا رہی ہیں اور پیوند کاری بھی کی جارہی ہے پمز میں یہ گردوں کی پیوندکاری کا پانچوں کامیاب آپریشن ہے ۔ ادھرگردے کے عارضے میں مبتلا مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت پمز ہسپتال میں شروع کی گئی ہے جس کیلئے سینئر نیفرالوجسٹ ڈاکٹر خاور سلطان کو ٹرانسپلانٹ کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے ۔