• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی بورڈ کی طرف سے سو سے زائد نجی کالجوں کی آن لائن پورٹل رجسٹریشن بند

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) راولپنڈی بورڈ کی طرف سے ڈویژن بھر کے سو سے زائد پرائیویٹ کالجز کی آن لائن پورٹل رجسٹریشن بند کرنے سے طلباء اور والدین میں تشویش کی لہر دورڑ گئی۔ بورڈ کے سیکرٹری ڈاکٹر تنویر ظفر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق جب کسی ادارے کی محکمہ تعلیم کی طرف سے بورڈ کو رجسٹرڈ ہو جانے کی تحریری طور پر اطلاع آتی ہے تو اس کے بعد بورڈ کی مقررہ انسپکشن کمیٹی متعلقہ تعلیمی ادارے کا باقاعدہ معائنہ کرنے کے بعد اس ادارے کو بورڈ سے الحاق دینے یا نہ دینے کی سفارش کرتی ہے۔ جس کے بعد بورڈ اس ادارے کو سال دو سال کے لئے باقاعدہ الحاق دے دیتاہے۔ ڈائریکٹر کالجز کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہوں ایسے تمام کالجز کی رجسٹریشن میں توسیع کی فائلیں ڈی پی آئی کالجز پنجاب کو لاہور ارسال کر رکھی ہیں جو عرصہ دراز سے بغیر کسی کارروائی کے پڑی ہیں۔جب ایک متاثرہ کالج کے ایک پرنسپل سے رابطہ کیا گیا توان کا مؤقف تھا کہ نئی صورت حال سے نہ صرف طلباء بلکہ پرائیویٹ کالجز کے حکام بھی پریشان ہیں۔ادھر طلباء اور ان کے والدین نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب کو اس ساری صورت حال کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز پنجاب کے آفس میں رجسٹریشن کی فائلوں کو بلا وجہ التواء میں رکھنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ بورڈ نے آن لائن رجسٹریشن کے لئے 20 ستمبر آخری تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔
تازہ ترین