نیویارک (جنگ نیوز ) یو ایس اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں سربیا کے نوواک جوکوچ نے آسٹریلیا کے جون مِل مین کو ہرا دیا، وہ ہفتے کو میگا ایونٹ کے فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گے۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد سربین اسٹار 6-4 سے کامیاب رہے، تیسرے سیٹ میں بھی جوکووچ کا پلڑا بھاری رہا، اس بار پھر انہوں نے 6-4 سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ جاپان کے کائی نشیکوری نے عالمی نمبر 7مارین سلچ کو ہرا کر لاسٹ فور مرحلے میں جگہ بنائی۔ پانچ سیٹ کے مقابلے میں سلچ نے پہلے برتری لی لیکن بعد کے دونوں سیٹ ہاربیٹھے۔ چوتھے سیٹ میں پھر سلچ کو کامیابی ملی تاہم نیشکوری نے پانچواں سیٹ جیت کر مقابلہ سرکرلیا۔ میچ 4گھنٹے 8منٹ جاری رہا۔ جاپانی 28سالہ نیشکوری سیمی فائنل میں سربیا کے نوواک جوکووچ کے مدمقابل ہونگے۔