راولپنڈی (نمائندہ جنگ) نیب راولپنڈی نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر ، سابق سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر یونیورسل فنڈ (یو ایس ایف) ، ایک اشتہاری ایجنسی کے سربراہ اور کمپنی کے سابق سیکرٹریاور سابق پی اے ٹو پی آر او آئی ٹی پر الزام ہے کہ انہوںنے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایجنسی کے ذریعے غیرقانونی طور پر تشہیریمہم چلائی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 128ملین روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، نیب ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جن کے پاس وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان اور یونیورسل سروسز فنڈز کی چیئرمین شپ بھی تھی نے 2011میں یونیورسل سروسز فنڈ کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے باقاعدہ میڈیا کمپین چلانے کی ہدایت کی جس کیلئے اس گروپ کا انتخاب کیا گیا جو کبھی یو ایس ایف کے پینل پر بھی نہ رہا ۔ علاوہ ازیں اتنی بڑی تشہیری مہم کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور یو ایس ایف سے کسی قسم کا ریلیز آرڈر بھی حاصل نہیں کیا گیا جو کہ وزارت اطلاعات ونشریات کی پالیسی اور پیپرا رول کی خلاف ورزی ہے، نیب نے ملزمان کیخلاف کرپشن اور بدعنوانی کا یہ ریفرنس گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کر دیا ہے۔