• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالی ووڈ اداکار وِن ڈیزل کی کامیاب فلم سیریز ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ کی ہرآنے والی فلم کا مداح بےصبری سے انتظار کرتے ہیں، اس سیریز کی پہلی فلم 2001ء میں ریلیز ہوئی تھی، تب سے اب تک اس فرنچائز کے بینر تلے 8فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔سیریزکی 8 ویں فلم ' دی فیٹ آف دی فیوریس 14 اپریل کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی اور کروڑوں لوگوں نے اس کو سراہا۔ اس فلم کی اڑتی اچھلتی گاڑیوں نے دنیا بھر میں دھوم مچا کر 122 ار ب روپے کمالیے۔ ایکشن اور ایڈ ونچر سے بھرپور اس فلم نے صرف چین سے ہی 40ارب روپوں کی کمائی کی۔ فلم میں وِن ڈیزل کے علاوہ ڈیوائن جانسن، میشال روڈ رگیز اور جیسن اسٹیتھم نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔

ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور فلم کی کہانی ایسے دوستوں کے گرد گھومتی ہے، جو جرائم سے پاک زندگی گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایک پراسرار خاتون کی وجہ سے انہیں ایسے ٹرائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو انہوں نے اس سے قبل کبھی نہیں کیا ہوتا۔ادھر باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس کو سالہا سال سے فلم بینوں کو تفریح فراہم کرنے پر ایم ٹی وی ایوارڈز میں جینریشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اربوں روپے کی تباہی

اس سیریز نے اگرچہ دنیا بھر سے اربوں ڈالرز کمائے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں، عمارات اور دیگر اشیاکی تباہی کی صورت میں کروڑوں ڈالرز کا نقصان بھی پہنچایا۔جی ہاں! واقعی اس فلم سیریز میں اب تک مختلف گاڑیوں، عمارات اور دیگر اشیا کو پہنچنے والے نقصان کی لاگت 514 ملین ڈالرز (53ارب پاکستانی روپے سے زائد) بنتی ہے۔ایک ویب سائٹ نے اس سیریز کی تمام فلموں کو دیکھ کر اس میں دکھائی جانے والی تباہی کی لاگت کا حساب لگایا۔ اس سیریز میں فیوریس سیون کے ولن ڈیکارڈ شا (جیسن اسٹیتھم) تباہی کے حوالے سے سرفہرست ہیں، جنھوں نے صرف ایک فلم میں کام کرکے18کروڑ23لاکھ ڈالرز کی اشیاکو تباہ کیا۔

اس کے بعد فلم کے ہیرو ڈوم (وِن ڈیزل) ہیں، جو اب تک چھ کروڑ 89 لاکھ ڈالرز سے زائد کی اشیاتباہ کرچکے ہیں جبکہ دی راک نے تین کروڑ 27لاکھ ڈالرز کا نقصان پہنچایا ہے۔ فیوریس سیون اس حوالے سے سرفہرست ہے، جس میں صحیح معنوں میں کروڑوں ڈالرز کی اشیاکو تباہ کیا گیا، جیسے دنیا کی تیسری مہنگی ترین گاڑی لکن ہائپر اسپورٹس جس کی مالیت 34لاکھ ڈالرز تھی، اس کو تباہ و برباد کردیا گیا۔ مجموعی طور پر اس فلم میں 250 سو ملین ڈالرز کی اشیاکو نقصان پہنچایا گیا جبکہ فاسٹ سکس میں یہ مالیت 200 ملین ڈالرز تھی۔

سیریز کی کمائی

’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ سیریز یونیورسل پروڈکشن کمپنی کی سب سے بڑی فلم سیریز ہے، یہ اب تک باکس آفس پر5بلین ڈالرز کما چکی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم سیریز میں یہ چھٹے نمبر پر ہے۔

پال واکر کی یاد میں 

اس فلم کے ہیروز میں سے ایک پال واکر، سیریز کی ساتویں فلم کے دوران انتقال کرگئے تھے۔ ان کی زندگی پر ڈاکیو مینٹری بنائی جار ہی ہے۔ پال واکر گاڑیوں کے شوقین سمجھے جاتے تھے اور ان کی جان پانچ سال قبل گاڑی کے حادثے میں ہی ضائع ہوئی تھی۔ ان پر بننے والی ڈاکیومینٹری میں ان کی نجی و فلمی زندگی دونوں پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ ڈاکیومینٹری میں پال واکر کے دوست اور فلم کی کاسٹ بھی ان کے حوالے سے اظہار خیال کرے گی۔

آنے والی فلمیں

فلم کے ہیرو وِن ڈیزل کا کہنا ہے کہ اس سیریز کی آنے والی فلم پہلے سے زیادہ ’بڑی‘ ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ وِن ڈیزل نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس فلم کی شوٹنگ افریقہ میں ہوگی جبکہ اس کی اور اس کے اگلے حصے کی ہدایات جسٹن لن دیں گے، جو اس سے قبل تین فاسٹ اینڈ فیوریس فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔ اس سیریز کی گزشتہ فلموں کی شوٹنگ برازیل، برطانیہ، اسپین، جاپان، میکسیکو اور دبئی وغیرہ میں کی جاچکی ہے۔نئی فلم کی افریقہ میں شوٹنگ کے حوالے سے وِن ڈیزل نے کہا کہ ’ہم افریقہ نہیں جاپائے، لیکن اس فلم کو وہیں شوٹ کریں گے‘۔فاسٹ9کو اس سے قبل 19 اپریل2019ء میں ریلیز کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم بعدازاں یونیورسل ا سٹوڈیوز نے اس کی ریلیز کی تاریخ بڑھانے کا اعلان کردیا۔ 

نئی فلم کو 10اپریل2020ء میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔فلم میں مشیل روڈریگوز، ٹائریس گبسن، کرس لوڈا کرس، نتھالی ایمانیول، جیسن اسٹیتھم اور ڈیوین جانسن واپس اپنے کردار دہراتے نظر آئیں گے۔متوقع طور پر فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کی فلم فاسٹ 10 اس سیریز کی آخری فلم ہوگی۔

تازہ ترین