فلم ’دھڑک‘ کے ذریعے مداحوں کی دھڑکنیں تیز کرنے والی فیشن ایبل اداکارہ جھانوی کپور کو مشہور رہنے کا فن بخوبی آتاہے۔ ہیئر اسٹائل ہو یا ڈریسنگ، ہر محفل میں کیمرے کی آنکھ کا محور جھانوی ہی ہوتی ہیںاور کیوں نہ ہوں، یہ سیزن ہے جھانوی کپور کی ڈیبیو فلم ’دھڑک‘ کا۔ جھانوی کا پہناوا ،جھانوی کے جھمکے، تو کہیں جھانوی کے ہیئر اسٹائل ایک سے بڑھ کر ایک تسلیم کیے جاتے ہیں، جسے ٹین ایج لڑکیوں کی ایک بڑی تعدادفولو کرتی ہے۔جھانوی کےخوبصورت لباس تو ہم اکثر انسٹا گرام پر دیکھتے ہی رہتے ہیں لیکن لباس کے باعث اکثر ان کے ہیئر اسٹائل نظر انداز کردیتے ہیں، اسی لیے آج ہم اپنے قارئین سےجھانوی کے کچھ منفرد اور مختلف ہیئر اسٹائل کا ذکر کرنے جارہے ہیں جنھیں معروف اداکارہ روزمرہ معمولات ، کسی فلم فیئر ایوارڈ یا پھرکسی فرینڈز کی شادی بیا ہ کی تقریبات میں اپنائے نظر آتی ہیں۔
فرینچ بریڈ ہیئر اسٹائل
کچھ ماہ قبل اداکارہ سونم کپور کی شادی بالی ووڈ سیلیبرٹیز کے لیے ایک نیا اسٹائل متعارف کروانے کے لیے پلیٹ فارم ثابت ہوئی ۔کسی نے لہنگا پہنا تو کسی نے میکسی میں جلوے دکھائے ۔تاہم جھانوی اس دن کچھ روایتی سا انداز لیے نظر آئی۔ جھانوی نےپنک اور فیروزی رنگ کے لہنگے چولی کے ہمراہ خوبصورت فرینچ اسٹائل بریڈ کا انتخاب کیا ۔سامنے سے مانگ نکالے خوبصورت مانگ ٹیکا ،جہاں چہرے پر معصومیت کی جھلک دے رہا تھا وہیں پیچھے سے فرینچ بریڈاسٹائل پر لگے سفید پھول لہنگے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرہے تھے۔
ٹوئسٹ ہاف اَپ ،ہاف ڈاؤن ہیئر اسٹائل
گزشتہ برس گوا میں منعقدہ 48 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا میں جھانوی کپور کا ڈریس تو ڈریس ہیئر اسٹائل بھی انھیں بالی ووڈ’’فیشنسٹا‘‘کے طور پر متعارف کروانے کے لیے کافی رہا۔ریڈ کارپٹ پرکیمرے میں قید کی گئی جھانوی کتنے ہی دن میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی رہی ۔مغربی ٹچ لیے خوبصورت سادہ لہنگااور مناسب انداز میں کیا گیا میک اَپ جہاں دلکش لگ رہا تھا وہیں ہاف اَپ اور ہاف ڈاؤن بریڈ ہیئر اسٹائل بھی ان پر کافی جچ رہا تھا۔ جھانوی نے اس دن کرلی ہیئر کے ساتھ ہاف اَپ اینڈ ہاف ڈاؤن ہیئر اسٹائل بنوایا۔ اس اسٹائل کو بنانے کے لیے آدھی مانگ نکال کر بالوں کو ٹوئسٹ اسٹائل میں فولڈ کرتے ہوئے پیچھے پن لگائی جاتی ہے۔ یہ اسٹائل ان دنوں کافی ٹرینڈ میں ہے، جسے جھانوی کے علاوہ دیگر اداکارائیں بھی اپنا چکی ہیں ۔
بوہو بریڈ ہیئر اسٹائل
جھانوی کی بوہو بریڈ کو انسٹاگرام صارفین کی جانب سےکافی سراہا گیا، جس میں جھانوی بوہو بریڈ ہیئر اسٹائل اپنائے باقی تمام بالوں کو ہلکے سے کرل کیے بے حدخوبصورت نظر آرہی تھیں۔ یہ اسٹائل آپ بھی کسی ایوننگ پارٹی یا فیملی فنکشن کے لیےبآسانی اپنا سکتی ہیں، جوہر قسم کے ملبوسات پر بے حد سوٹ کرتا ہے۔
ڈبل ڈچ بریڈ ہیئر اسٹائل
جھانوی کا یہ اسٹائل خوبصورت ہی نہیں کچھ منفرد بھی ہے، جس میں جھانوی شارٹ ٹاپ اور بلو جینز کے ہمراہ ڈبل ڈچ بریڈ ہیئر اسٹائل اپنائے کسی کیوٹ سی بچی کا انداز دے رہی ہیں۔ ڈبل ڈچ بریڈ ہیئر اسٹائل کے لیے بالوں کو بیچ میں سے دوحصوں میں تقسیم کیا جاتاہے اور بالوں کی دو چوٹیاں تھوڑے مختلف اسٹائل میں باندھی جاتی ہیں۔ آگے کی طرف سے بالوں کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے اس طرح بل دیا جاتا ہے کہ آخری حصے تک تمام بال چوٹی میںآجائیں۔
ایجی بریڈہیئر اسٹائل
اگر آپ کچھ ہی سیکنڈ میں خوبصورت ہیئر اسٹائل اپنانا چاہتی ہیں، جو بیضوی چہرے والی خواتین پر کافی سوٹ کرے توجھانوی کو ہی لے لیں، انسٹا گرام پر جھانوی کی مقبول تصاویر میں سےایک خوبصورت تصویر میں جھانوی یہی اسٹائل اپنائے ہوئے ہیں۔ اس ہیئر اسٹائل میں بالوں کی آڑھی مانگ نکال کر زیادہ بالوں والا حصہ آڑھے اسٹائل کے ساتھ کھلا چھوڑدیا جاتاہے جبکہ کم بالوں والے حصے میں بیچ سے بالوں کی خوبصورت پتلی سی بریڈ آخری حصے تک باندھی جاتی ہے۔یہ نہ صرف آسان بلکہ بے حد خوبصورت ہیئر اسٹائل ہے ۔اگر آپ کے بال فرنٹ بینگ کے ساتھ ہوں تب بھی یہ اسٹائل آپ پربے حد خوبصورت لگ سکتا ہے۔
جھانوی کس کو فالو کرتی ہیں ؟
آخر میںجھانوی کے فیشن سے متعلق ایک اہم بات! یہ حقیقت ہے کہ اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے قبل ہی جھانوی کپور بالی ووڈکی نئی فیشن آئیکون کے طور پر جانی جانے لگی لیکن کیا آپ جانتی ہیںکہ ان اچھوتے فیشن کو اپنانے، خوبصورت چہرے اور دیدہ زیب لباس پہننے والی جھانوی کپور کا فیشن کس اداکارہ کی طرز پر ہوتا ہے۔جھانوی کپور کسی بھارتی اداکارہ سے نہیں بلکہ امریکی ریلٹی اسٹار کائیلی جینر سے متاثر نظر آتی ہیں۔ کائیلی جینر فیشن اور ماڈلنگ انڈسٹری کا بہت بڑا نام ہیں اور دنیا کی لاکھوں نوجوان لڑکیاں انہیں فالو کرتی ہیں، جن میں سےایک آپ کی پسندیدہ جھانوی کپور بھی ہیں۔