اونٹ کا گوشت نمکین مگرفائدہ مند بھی خوب ہوتا ہے۔ اونٹ کا گوشت بازاروں میں کم ہی دستیاب ہوتا ہے، البتہ عیدالاضحی پر بہ آسانی مل جاتا ہے۔ عرب ممالک میں اونٹ کا گوشت بہت ذیادہ کھایا جاتا ہے اور عام طور پر بنایا جاتا ہے۔اب ہمارے ہاں پاکستان میں بھی اونٹ کا گوشت گھروں میں نظر آئے گا۔ لوگ عید پر اونٹ کی قربانی کرتے ہیں اور پھرگوشت تقسیم کرتےہیں۔اس طرح لوگوں کو اونٹ کا گوشت کھانے کومل جاتا ہے۔ عید الا ضحی پر اگر یہ گوشت مل جائے تو اس سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیں ۔ دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اب اونٹ کی قربانی کا رواج عام ہوچلا ہے۔اونٹ کا گوشت بہت سے امراض سے بچاتا ہے۔ یہ گوشت نمکین ہوتا ہے، اس لیے ہائی بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ اونٹ کا گوشت پرانے بخار، یرقان ، ہیپاٹائٹس سی، عرقی النسا (شیاٹیکا) اور پیشاب کی جلن دور کرنے میں مفید ہے۔ بواسیر کو ختم کرنے کے لیے اونٹ کی چربی کالیپ کرنا فائدہ مند ہوتا ہے۔
یہ چربی جوڑوں کا درد بھی ختم کردیتی ہے۔ اونٹ کا گوشت اعصابی اور جسمانی کمزوریوں کو ختم کردیتا ہے۔ علاوہ ازیںاعضا ئے ریئسہ دل ، جگر اور دماغ کو طاقت بخشتا ہے۔ قاہرہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق اونٹ کا گوشت امراض قلب دور کرنے میں بھی مفید ثابت ہوا ہے۔ اس کے گوشت میں تمام ضروری معدنیات اور لحمیات پائی جاتی ہیں۔ تقویت باہ کے لیے بھی اونٹ کا گوشت کھانا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ اونٹ کاگوشت ہفتے میں دو تین بار 100گرام کی مقدار میں کھائیے اور صحت مند وتوانا رہیے۔اونٹ کی قربانی کے حوالے سے بہترین قصائی کا اانتخاب کرنا بے حد ضروری ہے۔کیونکہ اس کی کٹائی مشکل ہوتی ہے اور ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ماہر قصائی اس کی قربانی کا سلیقہ جانتا ہو گا اور گوشت بھی اچھا بنائے گا کہ پکانے میں آسانی رہے گی۔اونٹ کے گوشت کے پکوان پاکستان میں بہت کم بنائے جاتے ہیں کیونکہ اس کا گوشت نمکین ہوتا ہے تو زیادہ تر لوگ کم ہی کھاتے ہیں۔مگر اس کی لذت اور فوائد میں کوئی شک نہیں۔عیدالاضحی کے دوران ہمارے ہاں پاکستان میں بھی اونٹ کے گوشت کے پکوانوں سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔اونٹ کے گوشت کے کباب اور نہاری خاص پسند کیے جاتے ہیں۔
اونٹ نہاری
اجزاء:
اونٹ کا گوشت۔ آدھ کلو
پیاز ۔ ایک عدد
لہسن ادرک پیسٹ۔ایک چمچ
نمک۔حسب ذائقہ
ہلدی ۔ ایک چمچ
لال مرچ۔ ایک چمچ
گرم مصالحہ۔ایک چمچ
سونف دانہ ۔ایک چمچ
سوکھا ادرک پائوڈر۔ تین چمچ
آٹا۔چار کھانے کے چمچ
بڑی الائچی ۔آٹھ دانے
ہری مرچ ۔چھ عدد
ادرک۔ایک انچ کا ٹکرا
ہرادھنیا۔آدھا کپ
آئل۔ ایک /ڈیڑھ کپ
ترکیب:
ایک کپ آئل گرم کرکے اس میں دوکھانے کے چمچ لال مرچ شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں ۔گوشت ابال لیں ایک الگ دیگچی میں چوتھائی کپ تیل میں پیاز برائون کرکے ادرک، لہسن، نمک، لال مرچ، ہلدی، گرم مصالحہ ڈال کر بھونیں اور گوشت شامل کر لیں۔ اب اس میں ابلے ہوئے گوشت کی یخنی یا تین سے چار گلاس پانی ڈالیں۔ ایک ململ کے کپڑے میں بڑی الائچی، سونف، ادرک کا پائوڈر ڈال کر پوٹلی بنائیں اور گوشت میں رکھ کر 25منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں پھر آٹا ڈال کر پانی میں گھولیں اور نہاری میں شامل کرکے اسے گاڑھا کرلیں۔
ادرک، لیموں، ہری مرچ ڈال کر دومنٹ دم دیںاور آخر میں ہرادھنیا، ادرک، لیموں، ہری مرچ سے گارنش کرکے نان کے ساتھ سرو کریں۔
اونٹ کے گوشت کی بریانی
(عریبیئن بریانی )
اجزاء:
اونٹ کا گوشت ۔صاف (درمیانے سائز میں کٹا ہوا)
پیاز۔تین عدد
ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ ایک چمچ
ٹماٹر۔ ایک عدد
کری پتے۔دوعدد
ہلدی پائوڈر۔آدھا چمچ
لال مرچ۔ایک چمچ
گرم مصالحہ پائوڈر۔ایک چمچ
سبز مرچ۔چارپانچ درمیان سے کٹی ہوئی
دہی ۔ایک چمچ
نمک۔حسب ذائقہ
آئل۔حسب ضرورت
چاول کیلئے اجزاء:
چاول۔دوکپ
سونف دانے ۔ ایک چمچ
لیموں کا رس۔ ایک چمچ
لونگ۔چارعدد
تیزپات۔دوعدد
چھوٹی الائچی۔ 10عدد
نمک۔حسب ذائقہ
پانی۔حسب ضرورت
دوسرے اجزاء:
گھی۔ 6کھانے کے چمچ
بادام۔ دس عدد
پستہ کاجو ۔پندرہ عدد
کشمش۔ پندرہ عدد
پیاز۔ ایک عدد چھوٹا باریک کٹا ہوا
دھنیا پسا ہوا۔ تین کھانے کے چمچ
پودینہ۔ باریک کٹا ہوا
چاول پکانے کا طریقہ
ترکیب:
چاولوں کو دھو کر پندرہ منٹ تک بھگو کر رکھ دیں اور پھر پانی نکال کے سائیڈ پہ رکھ دیں ۔کھلے دیگچے میں پانی گرم کریں اور لیموں کا رس، سونف دانہ، لونگ، دار چینی، چھوٹی الائچی، تیزپات اس میں ڈال دیں پھر چاول بھی اس میں شامل کر دیں اس کو ڈھانپ کر پکنے کے لئے رکھ دیں جب چاول 3/4پک جائیں تو آنچ بند کر دیں اور چاول سائیڈ پر رکھ دیں ۔
یخنی بنانے کا طریقہ :
ایک دیگچی میں گھی گرم کریںاس میں ادرک، لہسن ڈال کر دو منٹ تل لیں اور پھر اس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ پھر سبز مرچ، کری پتے، ٹماٹر ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور تمام مصالحہ جات ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں پھر اس میں دہی ڈالیں اور آہستہ آہستہ اونٹ کا گوشت بھی اس میں شامل کر دیں اگر پانی کی ضرورت ہو تو تھوڑا پانی بھی شامل کر دیں ۔
بریانی کی ٹاپنگ کیلئے :
ایک دیگچی میں گھی گرم کریں اور اس میں بادام، پستہ، کاجو ڈالیں اور پھر باریک کٹا ہوا پیاز اس میں ڈالیں اور بھون کے ایک سائیڈ پر رکھ دیں۔
دم پروسیس :
بریانی میں یخنی کا آدھا مصالحہ ڈالیں اور پھیلا دیں پھر آدھے چاول ڈالیں اور باقی کا مصالحہ پھیلا دیں پھر کچھ مقدار میں گھی، بھنے ہوئے کاجو، پستہ، کشمش اور بادام اس میں شامل کریں اور فرائی کئے ہوئے پیاز ،پسا ہوا دھنیا اور پودینہ شامل کرکے ہلکی آنچ پر دم کیلئے رکھ دیں۔
آخر میں بریانی کو سلاد، لیموںاور اچار کے ساتھ سرو کریں ۔
لیجئے مزیداربریانی تیار ہے کھانے کا مزہ دوبالا کریں خود بھی کھائیں اور مہمانوں کو بھی کھلائیں۔
کالی مرچ سے بھنا اونٹ کا گوشت
اجزاء:
اونٹ کا گوشت ہڈی کے ساتھ ۔650 گرام (باریک کٹا ہوا)
پیاز۔ دودرمیانے سائز کے
لہسن پیسٹ۔تین کھانے کے چمچ
ٹماٹر۔ ایک عدد
ہلدی ۔ ایک چمچ
دھنیا۔ دو چمچ پسا ہوا
کالی مرچ۔ دوچمچ
کشمیری لال مرچ۔ ایک چمچ
سونف دانے۔ ایک چمچ
میتھی کے دانے ۔آدھا چمچ
نمک۔حسب ضرورت
گرم مصالحہ ۔آدھا چمچ
مدراس پیاز۔ چار عدد
کری پتے۔ چند عدد
آئل۔ ڈیڑھ پیالی
ترکیب :
اونٹ کے گوشت کو اچھی طرح دھو کر پانی خارج ہونے کیلئے رکھ دیں۔ پریشر ککر میں تیل ڈالیں اور پیاز ڈال کر ہلکا برائون کرلیں اور پھر ادرک پیسٹ اور ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں اب صاف کیا ہوا گوشت ڈال کر اچھی طرح سے مکس کریں ہلدی پائوڈر، لال مرچ، دھنیا کا پیسٹ اور کالی مرچ پائوڈر دو چمچ ڈالیں اور خوب جوش دلائیں۔پھر اس میں سونف دانہ، میتھی دانہ اور نمک شامل کرلیں صرف آدھا کپ پانی ڈالیں اس سے زیادہ پانی نہ ڈالیں اور ڈھکن سے ککر کو ڈھانپ دیں اور یاد رہے پکنے کا وقت گوشت کے گلنے پر منحصر ہے کیونکہ بوڑھے اونٹ کا گوشت گلنے میں زیادہ وقت لگتا ہے اس کے بعد ایک پین میں تیل ڈال کے گرم کریں اس میں مدراس پیاز، کری پتے اور دھنیا پتے ڈالیں اور پھر بھنا ہوا گوشت ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر اس وقت تک پکائیں جب تک شوربہ گاڑھا نہ ہوجائے آخر میں ایک چمچ کالی مرچ ڈالیں اور نمک چیک کرنا نہ بھولیں دھنیے سے سجاوٹ کریں اور پراٹھا چپاتی یا چاول کے ساتھ سرو کریں ۔
اونٹ کے گوشت کے کباب
اجزاء:
اونٹ کا گوشت ۔ آدھا کلو
نمک ۔ حسبِ ذائقہ ( اونٹ کا گوشت کیونکہ خود ہی ذائقے میں نمکین ہوتا ہے لہٰذا حسب ذائقہ بھی خیال رکھیں)
3۔ ادرک ۔ ایک چائے کا چمچ
لہسن ۔ ایک چائے کا چمچ
تیل ۔ دو کھانے کے چمچ
سرخ مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
پیاز۔ ایک عدد (کاٹ لیں)
ہری مرچیں۔ حسبِ ذائقہ
ہرا دھنیا۔ حسبِ ضرورت
گرم مصالحہ۔ آدھا چائے کا چمچ
کٹے ہوئے گہیوں۔ آدھا کپ (کم از کم 4 گھنٹے پہلے سے پانی میں بھگو دیں۔ ممکن ہو توایک رات پہلے ہی بھگو دیں)
ترکیب:
1۔ قیمے کو مندرجہ بالا تمام مصالحوں کے ساتھ میرینیٹ کر لیں، اور چاپر میں چوب کرنے کے بعد ایک گھنٹے تک رکھ دیں ۔
2۔ پھر ہاتھ سے سيخ كباب يا گول کباب کی شکل دے دیں۔
3۔ اس کے بعد فرائینگ پین ميں تل ليں، سرخ ہونے پر نکال ليں یا سیخوں میں پرو کر کوئلوں پر سینک لیں۔