• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کا ایک اور واقعہ

کراچی علاقے ایف بی صنعتی ایریا میں گھر سے شادی شدہ خاتون اور لڑکے کی لاشیں ملی ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر نے سسر کے ساتھ مل کر بیوی اور نوجوان کو قتل کیاہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ایف بی انڈسٹریل ایریا بلاک 21 میں گھر سے لڑکے اور شادی شدہ خاتون کی لاشیں ملیں۔ پولیس نے دونوں لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیں۔

پولیس کے مطابق دونوں کی شناخت 22 سالہ عصمت بی بی اور اٹھارہ سالہ عمیرعالم کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے تفتیش شروع کی تو پتا چلا کہ لڑکی اور لڑکے کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جس کے بعد مقتولہ کے اہلِ خانہ کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور خاتون کے شوہر صابر اور اس کے والد خیر محمد خان کو گرفتار کرلیا گیاہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو تشدد کے بعد دوپٹے کی مدد سے گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ مقتول عمیر عالم مقتولہ عصمت کا پڑوسی تھاجبکہ مرکزی ملزم صابر نے دو شادیاں کی ہوئی ہیں ایک بیوی لیاری میں رہائش پذیر ہے۔ ملزم صابر سعودی عرب میں ڈرائیونگ کرتا ہے۔

مقتولین کی لاشوں کوعباسی اسپتال پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین