ساہیوال(ایجنسیاں) صوبہ پنجاب کے ضلع ساہیوال میں نامعلوم افراد نے خواجہ سرا کو مبینہ طور پر زندہ جلا دیا۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں مال منڈی چوک پر نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر جلائے گئے خواجہ سرا کو ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل کیا گیا۔تاہم جسم زیادہ جھلس جانے کے باعث ڈاکٹروں نے خواجہ سرا کو لاہور منتقل کرنے کا کہا لیکن لاہور منتقل کرنے سے قبل ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر زندہ جلائے گئے خواجہ سرا کا جسم 80 فیصد تک جھلس چکا تھا۔واقعے کے تحقیقاتی تفتیشی جعفر حسین نے بتایا کہ پولیس نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی)کی دفعہ 74 کے تحت لاش کو بلدیاتی عملے کے حوالے کردیا، جو تدفین کے انتظامات کو دیکھے گا۔دوسری جانب فتح شیر پولیس نے واقعے سے متعلق ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔