میانوالی(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے سابق اراکین اسمبلی پر مشتمل مقامی ن لیگی قیادت نے حلقہ پی پی87میں14اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ۔ اس ضمن میں سابق ایم این حمیر حیات روکھڑی ،سابق صوبائی وزیرآبپاشی امانت اللہ خان شادی خیل، سابق ایم پی اے ملک فیروزجوئیہ اور حلقہ پی پی 87 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز سابق رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر نور خان نے پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 14اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کسی طرح منصفانہ اورشفاف نہیں ہو سکتے ، 2018ء کے عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالا گیا اورپولنگ اسٹیشنوں پرایک مخصوص پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہمارے ووٹرز اور سپورٹرز کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور اب پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنوں پر جھوٹے مقدمے درج کیے جا رہے ہیں اور انہیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔ جبکہ مقامی ایم این اے اور ایم پی اے ضلعی انتظامیہ کو دبائو میں لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ڈھونگ اور سلیکشن ڈرامے کا حصہ بننے کی بجائے احتجاجاً اسکا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔