سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر کے بیوٹی پارلر کے واش روم میں خفیہ کیمروں کی مدد سے خواتین کی ویڈیو بناکر بلیک میل کئے جانے کا انکشاف، پولیس نے کارروائی کرکے بیوٹی پارلر کے مالک کو گرفتار اور پارلر کو سیل کردیا۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ سکھر کے اہم ترین کاروباری مرکز مشن روڈ پر واقع ایک بیوٹی پارلر کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کرکے وہاں آنیوالی خواتین کی وڈیو بناکر انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا، متاثرہ خواتین نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ مشن روڈ پر قائم بیوٹی پارلر کا مالک کافی عرصہ سے خواتین کی وڈیو بنا کر انہیں بلیک میل کر رہا ہے، بلیک میل کرنے والے بیوٹی پارلر کے مالک کے خلاف کارروائی کی جائے۔ میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ نے بیوٹی پارلر میں خفیہ کیمرے نصب کرکے خواتین کی ویڈیو بنائے جانے کے انکشاف کا سختی سے نوٹس لیکر کارروائی کی ہدایت دی، جس پر پولیس نے مذکورہ پارلر پر چھاپہ مارکر مالک کو گرفتار کرلیا اور پارلر کو سیل کردیا، پولیس کارروائی کے دوران پارلر سے خفیہ کیمرے اور 2موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ آخری اطلاع آنے تک بیوٹی پارلر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔