• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان حوصلہ افزا،امریکہ مفاد پرست ہے،سراج الحق

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عدلیہ اور حکومت کی طرف سے ڈیمز بنانے کے عزم کو سراہا ہے اور کہاہے کہ پاکستان میں اس وقت پانی کی کمی کی جوصورتحال ہے وہ الارمنگ ہے ۔ بھارت پاکستانی دریاؤں کا پانی روک کر ملک کو صحرا بنانااور اس کی زراعت اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتاہے۔انہوں نے یہ بات جماعت اسلامی اسلام آباد کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سراج الحق نے امریکی اور چینی وزرائے خارجہ کے پاکستان کے دوروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے اپنے مفادات حاصل کیے ہیں اور کبھی بھی پاکستان کی مشکل حالات میں مدد کو نہیں پہنچا۔امریکہ پاکستان سے ہمیشہ ڈو مور کا مطالبہ کرتاآیاہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان حوصلہ افزا ہے اور پاکستان کے مسائل حل کرنے میں چین دلچسپی لے رہاہے ۔ سی پیک منصوبہ پاک چین تعلقات کی مضبوط کڑی ہے ۔ ہر مشکل وقت میں چین نے ہمارا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کے ساتھ دفاعی اور سول ایٹمی معاہدے کر کے اسے مضبوط سے مضبوط کرنے اور خطے کا تھانیداربنانے کی کوشش کر رہاہے جبکہ پاکستان کو صرف وعدوں پر ٹرخایا جارہاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی طرف سے گیس،بجلی کے بلوں اور کھاد کی بوری کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا ۔
تازہ ترین