اسلام آباد......وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت خیبر پختونخوا میں اقتصادی زون وہیں بنیں گے جہاں صوبائی حکوت کہے گی۔
وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وفاق کی یقین دہانی پر اعتبار ہے تاہم عملی کام شروع ہونے تک تحفظات رہیں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا وزیر اعلیٰ کے پی کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کے بعدکہنا تھا کہ سی پیک کے مغربی روٹ پر خیبر پختونخوا کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی ہے ، اقتصادی زون وہیں بنیں گے جہاں صوبائی حکوت کہے گی ،کچھ مقامات کی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے نشاندہی بھی کر دی ہے ۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا پر ویز خٹک نے کہا کہ انہیں جولائی 2018ءتک مغربی روٹ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ،ہم نے زبان پر اعتبار کر لیا، عمل درآمد نہ ہوا تو پھر اس مسئلے پر بولیں گے۔
پرویز خٹک نے شکوہ کیا کہ اگر انہیں سی پیک منصوبے سے متعلق اجلاسوں میں بلایا جاتا تو یہ مسئلہ ہی نہ بنتا۔ احسن اقبال نے کہا کہ آپ کے پارلیمانی سیکریٹری آئے تھے، اب بہتر ہو گا کہ آپ جوائنٹ کو آرڈی نیشن کمیٹی کے اگلے اجلاس میں خود شریک ہوں۔