• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کردیا ہے۔

اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد اُنہیں اسلام آباد ایئرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لے جایا گیا، جس کے بعد اُنہیں سخت سیکورٹی میں جاتی امراء پہنچادیا گیا۔

جاتی امراء کے اطراف بھی پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔

ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لئے پیرول پر رہائی کی منظوری دی گئی ہے، رہائی کی مدت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

اڈیالہ جیل سے جاتی امراء تک کے سفر کا دورانیہ پیرول کے وقت میں شامل نہیں ہے۔

پیرول پر رہائی کے دوران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جاتی امراء تک محدود رہیں گے۔


اس موقع پر مریم نواز نے اپیل کی کہ قوم والدہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت افسوس ہے کہ والدہ کی زندگی کے آخری لمحات میں اُن کے ساتھ نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدہ کے انتقال کی خبر کے بعد جیل میں رہنا بہت تکلیف دہ ہوگیا تھا۔

شہباز شریف کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کو 5 دن کے لئے پیرول پر رہا کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئیں۔ ان کی حالت دوبارہ انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا، بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا تھا۔

بیگم کلثوم نواز کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور گزشتہ 13 ماہ سے لندن کے ہارلےا سٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج نے سابق نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

بھارتی وزیراعظم کی طرف سے نوازشریف کے نام تعزیتی خط بھیجا گیا ہے، جس میں نریندر مودی نے سابق پاکستانی وزیراعظم کو مخاطب کرکے لکھا ہے کہ ’'میں آپ اور سوگوار خاندان کی استقامت کے لیے دعا گو ہوں‘‘۔

تازہ ترین