• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم نواز انتقال کرگئیں، 13 ماہ سے لندن میں زیرعلاج، تین مرتبہ خاتون اول رہیں، تدفین جمعہ کو لاہور میں، نوازشریف،مریم، صفدر جنازے میں شریک ہوں گے

لندن/لاہور (ایجنسیاں ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کرگئی ہیں جن کی میت اسپتال سے سرد خانے منتقل کر دی گئی ‘وہ تین بار خاتون اول رہیں ‘ان کی میت جمعہ کو پاکستان لائی جائے گی اور اسی روزلاہورمیں ان کی تدفین ہوگی جس میں نوازشریف ‘مریم نوازاور کیپٹن (ر)صفدربھی شرکت کریں گے‘نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر)محمد صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے لیے پے رول پر رہائی دی جائے گی‘ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق تینوں مجرموں کو نماز جنازہ سے لے کر تدفین تک رہائی دی جائے گی۔مسلم لیگ (ن)نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی وجہ سےپارٹی کی تمام سیاسی سرگرمیاں 3 دن کیلئے معطل کرنے کا اعلان کر دیا‘ سابق خاتون اول کی عمر 68برس تھی ‘وہ کینسر کے مرض میں مبتلاء اور 13ماہ سے لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں ،نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال پر صدر،وزیر اعظم ‘چیف جسٹس ‘سروسز چیفس ‘ آصف زرداری ‘بلاول بھٹو‘فضل الرحمن ‘اسفندیارولی ‘ سراج الحق سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں دوران علاج انتقال کرگئیں۔بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت بگڑنے پر دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبرنہ ہوسکیں ‘ وہ تقریبا ایک سال 25 دن تک لندن میں زیر علاج رہیں‘ان کی میت وطن واپس لانے کے انتظامات جاری ہیں‘خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی میت کے ساتھ 10 افرادپاکستان جائیں گے۔نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حسین نواز نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کی‘خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی تدفین لاہور کے نواحی علاقے جاتی امراء میں ان کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی اور ان کی میت کو جمعہ تک پاکستان لایا جائے گاجس کیلئے شہبازشریف لندن روانہ ہوں گے‘ادھربیگم کلثوم نواز کی میت ہارلے اسٹریٹ کلینک سے مردہ گھر کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے ، میت کی پاکستان منتقلی میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے تک میت سرد خانے میں ہی رہے گی‘ذرائع کا کہنا ہے کہ میت روانہ کرنے سے قبل قانونی کارروائی مکمل کی جائیگی، اس سلسلے میں ہارلے اسٹریٹ کلینک نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے جس کے بعد ویسٹ منسٹر کونسل کے ڈیتھ رجسٹریشن آفس میں رجسٹریشن کی جائے گی، رجسٹریشن کے بعد کورونر میت کو انگلینڈ سے باہر لے جانے کے احکامات جاری کریں گے، کورونر کی جانب سے سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد میت پاکستان روانہ کی جائے گی، کورونر کی جانب سے سرٹیفکیٹ کے اجرا تک میت سرد خانے میں رکھی جائے گی۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی رحلت کی خبر پر دل افسردہ ہے، وہ ایک حوصلہ مند اور باوقار خاتون تھیں جنہوں نے نہایت ثابت قدمی سے بیماری کا مقابلہ کیا۔ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں شریف خاندان کیساتھ ہیں۔

تازہ ترین