مظفرآباد(جنگ نیوز )چیئرمین وزیراعظم معائنہ وعملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ اور کوہالہ پاور پراجیکٹ کی آزادکشمیر میں تعمیرغیر قانونی ہے۔جنہیں حکومت آزادکشمیر بند رکھنے کا اختیار رکھتی ہے،کوہالہ ڈیم کی کوئی ضرورت نہیں مخلوق خدا کی بستیاں اجاڑ کر کس مخلوق کے لیے پراجیکٹ تعمیر کیے جارہے ہیں۔واپڈا کو مظفرآباد کے ماحولیاتی ،ارضیاتی،معاشی حالات کو خراب کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعظم پاکستان کوماحولیاتی اور شہریوں کے مسائل سے آگاہ کر دیا ہے،زاہد امین کاشف نے مظفرآباد پریس کلب میں فیس دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد میں سیکرٹریٹ میں 25روز کے دھرنے اور 50سے زائد مظاہرے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج مظفرآباد اور نواح میں گرمی کی شدت،چشموں کے سوکھنے اور دریائے نیلم میں پانی کے خاتمہ کے باعث زندگی کے آثار ختم ہونا شروع ہوچکے ہیں۔زاہد امین کاشف نے کہا کہ ان مظاہروں ، دھرنوں اور احتجاج کی ہمیں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔واپڈا فوری طورپر دومیل پل سے نوسیری تک واٹر باڈیز کی تعمیر کرے۔چیئرمین معائنہ کمیشن نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے وزیراعظم پاکستان کوخط بھی تحریر کردیا ہے جس میں ماحولیاتی،ارضیاتی اور عوام اور شہریوں کے مسائل سے آگاہ کیا ہے اور چیف سیکرٹری کو فوری طورپر ہدایت کی ہے کہ وہ چیئرمین واپڈا سے درپیش مسائل پر بات کریں۔چیئرمین معائنہ کمیشن وعملدرآمد نے کہا کہ ہم نہ ملک دشمن ہیں اور نہ غدار ہیں نہ ہمیں سرٹیفکیٹ لینے کی کسی سے ضرورت ہے۔اگر گلگت بلتستان کے لوگوں کی آواز وفاقی حکومت سن سکتی ہے تو پھر اہل مظفرآباد کی آواز کیوں نہیں سنی جاتی۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں نیلم جہلم پراجیکٹ اور کوہالہ پراجیکٹ سمیت دیگر پن بجلی منصوبہ جات کی تعمیر سے مخلوق خدا کے لیے جو ٹائم بم رکھ دیا گیا ہے وہ کسی بھی وقت سرحدی علاقوں کی آبادی سے زندگی کے آثار ختم کردے گا۔