حال ہی میں یوایس اوپن جاپان کی نائو می اوساکا (وومنز سنگلز) اور سربیا کے نوواک جوکووچ (مینز سنگلز) کی جیت کےساتھ رخصت ہوگیا۔ جس میں دنیائے ٹینس کے سپر اسٹارزنے یادگار پرفارمنس کے ساتھ اپنے فیشن اسٹائل سے بھی لوگوں کو متاثر کیا۔ دنیائے ٹینس میں سوائے ومبلڈن کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں سفید کپڑوںکی شرط نہیں ہوتی ۔ اسی لیے شایدومبلڈن میں تو ٹینس کھلاڑی اپنے فیشن کا اظہار نہیں کرپاتے لیکن دیگر ٹورنامنٹ میں اسکرٹس، ٹاپس اور شوز وغیرہ میں بہت مارجن ہوتاہے کہ یہ ٹینس پلیئرز ایسے فیشن ایبل ڈریس پہنیں، جو انہیں نمایاں بھی کریں اور ان کو کھیل کے دوران آرام دہ بھی رکھیں۔ زیادہ تر خواتین ٹینس اسٹارز سرخ رنگ کو پسند کرتی ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ سرخ رنگ تسلط کو ظاہر کرتاہے ۔ ٹینس کورٹ میں فیشن کرنے کے آپشنزبھلے محدود ہوں لیکن سوشل لائف میں بھی ان ٹینس پلیئرز کا فیشن ہالی ووڈ سیلیبرٹیز سے کم نہیں ہوتا ، انہی ٹینس اسٹارز میں ٹاپ 6 کا ذکر کرتے ہیں۔
راجر فیڈر ر
راجر فیڈرر بھی کسی ہالی ووڈ اسٹار سے کم نہیں ، ان کی شخصیت اور ٹینس پر ان کی گرفت کی ایک دنیا دیوانی ہے۔ زیادہ تر جیمز بانڈ اسٹائل کا فیشن کرنے والے راجر ٹینس کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ اس وقت ورلڈ رینکنگ اور فیشن اسٹائل میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں ۔راجر کل ملا کر 310ہفتے اور مسلسل237 ہفتے نمبر ون رہنے کا ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں اور 20گ رینڈ سلم جیت چکے ہیں۔
اینا ایوانووک
آپ غلطی کریں گے یہ سوچ کرکہ یہ کوئی ماڈل ہیں جو پارٹ ٹائم میں ٹینس کھیلتی ہیں۔ ایسا نہیں ہے، دراصل ان کا فیشن اسٹائل ہی ایسا ہےجیسے کوئی سپر ماڈل آرہی ہو۔ سربیا سے تعلق رکھنے والی اینا ایوانووک2008ء میں نمبر ون رینکنگ حاصل کرچکی ہیں جب انہوں نے دینارا سفینہ کو فائنل میں ہرا کر فرینچ اوپن جیتا تھا۔ اس کے علاوہ اینا 14ڈبلیو ٹی اے ٹور سنگلز ٹائٹلز جیت چکی ہیں۔ ایناپارٹیز میں فیشن اسٹائلز کے ساتھ نمایاں ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے فیشن میگزین جیسے ایل ایکیوئپ اسپورٹس اینڈ اسٹائل ، کاسموپولیٹن اورہارپر بازار کے ٹائٹل کی بھی زینت بن چکی ہیں۔
سیرینا ولیمز
دنیا ئے ٹینس میں کئی بار نمبرون رہنے والی ٹینس پلیئر سرینا ولیمز کا فیشن ہر پل رنگ بدلتاہے اور اس بارے میں کافی بات بھی کی جاتی ہے، حال ہی میں ان کے کیٹ سوٹ پر بہت تنقید ہوئی۔ سرینا ولیمز اس وقت ورلڈ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر تونہیں لیکن فیشن اور اسٹائل کی دنیا میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
رافیل نڈال
رافیل نڈال 3جون 1986ء کوا سپین میں پیدا ہوئے۔ روجر فیڈرر کے روایتی حریف صرف سولہ سال کی عمر میں ٹاپ50عالمی ٹینس کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے تھے۔ وہ اب تک17گرینڈ سلم سنگل ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔ اس وقت ٹینس میں نمبر ون لیکن فیشن میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ وہ زیادہ تر ڈیزائنرز سوٹ پہنتے ہیں اور پینٹ کوٹ میں اچھے لگتے ہیں ۔
نوواک جوکووچ
سربین ٹینس ا سٹار نواک جوکووچ سنسناٹی اوپن ماسٹر ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں راجر فیڈرر کو شکست دے کر 9 مختلف ماسٹر اوپن ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن چکے ہیں ۔ نئی تاریخ رقم کرنے والے نوواک 14 گرینڈ سلم جیت چکے ہیں اور 223 ہفتوں تک نمبر ون کی پوزیشن پر براجمان رہ چکے ہیں۔ نواک کے فیشن میں سب سے نمایاں ان کی مسکراہٹ ہے ، تاہم ان کے فیشن کو ان کے مداح ہی نہیں دیگر لوگ بھی فالو کرتے ہیں۔
کیرولین ووزنیاکی
ساتویں نمبر پر موجود ہیں ڈینش پلیئر کیرولین ووزنیاکی، جنہوں نے2018ء کے آغاز میں آسٹریلین اوپن ویمنزکے فائنل میں سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والی ڈنمارک کی پہلی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیاتھااور خواتین کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی تھی۔ اس سے قبل 2010ء اور2011ء میں بھی وہ ٹاپ پر رہی تھیں۔ کیرولین 29 سنگلز ٹائٹل جیت چکی ہیں ، جن میں سے 6انہوں نےانہی دو برسوں کے درمیان جیتے۔ کیرولین ٹینس کورٹ کے علاوہ فیشن کی دنیامیں اپنےمنفرد اسٹائل کی وجہ سے معروف ہیں اور گرینڈ سلم کی طرح بہت سوں کے دل بھی جیت لیتی ہیں۔