کراچی (اسٹاف ر پوٹر )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے 100کے دن ایجنڈے میں شامل عوام کو 50لاکھ مکانات تعمیر کر کے دینے کے اعلان اور منصوبے میں کراچی کے سر کاری کوارٹرز کے 5ہزار گھرانوں کو بھی شامل کریں ۔ سر کاری کوارٹروں کے مکینوں کو بے دخل کرنے کے بجائے ان کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں ۔ جماعت اسلامی سر کاری کوارٹروں کے مکینوں کے ساتھ ہے ۔ ماضی کی حکومتوں اور یہاں کے عوامی نمائندوں نے اس مسئلے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو یہ معاملہ سینیٹ میں بھی اُٹھائیں گے ۔ مکینوں کو ان کا حق دلوائیں گے ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں مارٹن کوارٹرز ، کلیٹین کوارٹرز اور دیگر سر کاری کوارٹروں کے مکینوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں سر کاری کوارٹروں میں رہائش پذیر مردو خواتین کی بہت بڑی تعداد شامل تھی ۔ وفد نے اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا اور اپیل کی کہ وہ یہ مسئلہ حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن ، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ ، سیکریٹری جنرل نجیب ایوبی ، سابق یوسی نائب ناظم کلیم الحق عثمانی،فہیم اللہ خان اور دیگر بھی شامل تھے ۔