• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف، مریم نے بیگم کلثوم کا دیدار کیا

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے لاہور پہنچا دی گئی ہے، میاں نواز شریف اور مریم نواز نے شریف میڈیکل سٹی میں بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کی اور ان کا دیدار کیا۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام 5بجے جاتی امرا میں ادا کی جائے گی،معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

ملکی تاریخ میں تین بارخاتون اوّل رہنے والی بیگم کلثوم نوازایک سال سے زائد علالت کا شکار رہنے کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں،مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کی فیملیز کے ہمراہ میت لے کر پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے۔

بیگم کلثوم نواز کی میت اور شریف فیملی کے افراد کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں جاتی امراء پہنچایا گیا، میت ایئر پورٹ سے سیدھے شریف میڈیکل سٹی پہنچائی گئی جہاں میاں نواز شریف نے اپنی اہلیہ اور مریم نواز نے اپنی والدہ کا دیدارکیا۔

شریف فیملی کے افراد کچھ دیر شریف میڈیکل سٹی میں قیام کے بعد جاتی امراء واپس پہنچ گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی میت نماز جمعہ کے بعد جاتی امرا لائی جائے گی جہاں ان کا آخری دیدار کرایا جائے گا جس کے بعد جسد خاکی کو شام کے وقت نماز جنازہ کےلیے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ پہنچایا جائے گا۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سابق خاتون اوّل کی نماز جنازہ پڑھائیں گے، بیگم کلثوم نواز کو ان کے سسرمیاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کردیا جائے گا۔

میت کی لندن روانگی سے قبل بیگم کلثوم نواز کی ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی جس میں ان کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے علاوہ چوہدری نثار علی خان اور اسحاق ڈارسمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی تھی۔

تازہ ترین