بلوچستان کے علاقے پشین میں بائی پاس پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں3لیویز اہلکار شہید اور 2اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر دھماکے کے وقت گاڑی میں نہیں تھے جبکہ قریب موجود لیویز اہلکار دھماکے کا نشانہ بن گئے۔
پولیس اور امدادی اداروں کی ٹیمیں اور ایمبولینسیں دھماکے کے مقام کی جانب روانہ ہوگئی ہیں، جاں بحق لیویز اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ارد گرد کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ پشین بائی پاس کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا تاہم دھماکے کی نوعیت کا واضح طور پر اندازہ نہیں ہوسکا ہے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔