• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی بھارت پر چار فاسٹ بولرز سے ہلہ بولنے کی تیاری

ابوظہبی (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں اپنے چار فاسٹ بولروں محمد عامر، عثمان شنواری، فہیم اشرف اور حسن علی کے ساتھ میدان میں ہلہ بولنے کی تیاری کررہی ہے۔ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے عثمان شنواری کہتے ہیں کہ مجھے بھارت کے میچ کی اہمیت کا احساس ہے۔ پہلی بار بھارت کے خلاف کھیل رہا ہوں۔ ہانگ کانگ کے خلاف تین وکٹ لئے بھارت کے پانچ بیٹسمین آئوٹ کرکے ایک اور میچ وننگ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے موسم کی پرواہ نہیں۔ مجھے اس سال سے زیادہ گرم موسم پچھلے سال لگا تھا۔ پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عثمان شنواری نے کہا کہ بھارتی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے۔ اس کے پاس کئی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں۔ شائقین بھی اس میچ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں اور میں بھی اس میچ میں پانچ وکٹیں لے کر اس میچ کو یادگار بنانا چاہتا ہوں۔ مجھے اس میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور اس میچ میں کارکردگی دکھاکر ہیرو بننا چاہتا ہوں۔ عثمان شنواری نے کہا کہ ہانگ کانگ کے میچ میں ناخن ٹوٹنے سے خون نکل رہا تھا اس لئے اوور نہیں کراسکا لیکن اب مکمل فٹ ہوں اور بڑے میچ کے لئے تیار ہوں۔ عثمان شنواری نے کہا کہ پاکستان کی قوت بولنگ ہے ہمارے بولر ورلڈ کلاس ہیں ٹیم میں آنے کے لئے سب محنت کررہے ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ میں محمد عامر بھی کارکردگی دکھائے گا۔ضروری نہیں کہ ہر بولر ہر میچ میں وکٹ حاصل کرے۔ کئی بار آپ اچھی بولنگ کرتے ہیں لیکن وکٹ نہیں ملتی کئی بار نارمل گیند پر وکٹ مل جاتی ہے۔ محمد عامر اچھی بولنگ کررہے ہیں بدقسمتی سے انہیں وکٹ نہیں مل رہی۔ بولنگ میں سخت مقابلے سے ہر بولر بھرپور محنت کررہا ہے۔ دبئی کی وکٹ سلو تھی ہانک کانگ کے خلاف میچ میں اپنی اسپیڈ پر انحصار کیا۔ بھارت نمبر ون ہے ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔ابھی تین پہلے میچ پر فوکس کررہا ہوں۔

تازہ ترین