• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کا چوتھا فکر مقبول بٹ شہید ورکرز یونٹی کنونشن

اولڈہم ( نمائندہ جنگ) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ اولڈہم برانچ کے زیرِ اہتمام چوتھا فکر مقبول بٹ شہید ورکز یونٹی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں میں برطانیہ بھر سے ممتاز کشمیری دانشوروں، رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور غاصب طاقت کے آگے علم بغاوت بلند کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر کشمیری قوم کے ہیرو مقبول بٹ شہید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ شہید کے مشن کی تکمیل کے لیے ازسرِنو اعادہ کیا۔ اس موقع پر شہید مقبول بٹ کے بیٹے شوکت مقبول بٹ کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کے نو منتخب عہدیداران مسئلہ کشمیر کو برطانیہ بھر میں دوسری آرگنائزیشن اور برطانوی پارلیمنٹ تک پہنچانے کے ساتھ یورپ تک پہنچانے میں اپنا کردار کرتے ہوئےکشمیریوں کی حقیقی نمائندگی کرے گی۔ نو منتخب صدر سردار امجد اشرف کا کہنا تھا کہ بحثیت کشمیری ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم بین الاقوامی سطح پر یہ باور کروائیں کہ کشمیری عوام کا سب سے بنیادی مسئلہ وادی میں امن اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر بند کروانا ہے۔ بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر آئے روز فائرنگ کر کے بین الاقوامی قوانین کی جو خلاف ورزی کی جاتی ہے اس بارے انٹرنیشنل کمیونٹی کو آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ ایک غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دے اور لوگوں کے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ سابق صدر شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے کہ دنیا کے اس خطہ کی آبادی کل آبادی کا بیس فیصد ہے یہاں غربت کی شرح چالیس فیصد ہے۔ پاکستان بھارت کو مذاکرات کر کے مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا چاہیے اور اس میں کشمیریوں کی نمائندگی انتہائی اہم ہے۔ ورکرز کنونشن سے ممتاز کشمیری دانشور شمس الرحمن، کونسلرز علی عدالت، عتیق الرحمن، خواجہ ندیم ، واجدایوب ، محمود کشمیری، لالہ ذوالفقار ، صادق سبحانی، مشتاق خان ، آزاد راجہ،محمد ریاض خان کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی صدر سردار لیاقت حیات نے آزاد کشمیر سے بذریعہ ٹیلی فون برطانیہ کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
تازہ ترین