کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، تھیلیسمیا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 301 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے ، وفاقی وزیر صحت نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ، یہ بات انہوں نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر عملہ مریضوں کے ساتھ اچھا برتاو کریں اور انہیں علاج معالجے کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ،انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں جدید مشینری اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔