لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ عوام نے ریلیف کی امید لگا رکھی تھی حکومت نے 178 ارب روپے کے ٹیکس لگادیے ۔سب لوگ جانتے ہیں کہ حکومت کیسے آئی ہے ۔ ہم کہتے ہیں کہ یہ جیسے بھی آئے ہیں ، اب کچھ کر کے دکھائیں ۔ پی ٹی آئی نے جو منشور دیاتھا اور جو اعلانات کیے ، ان پر عملدرآمد حکومت کا امتحان ہے ۔ منصورہ میں جے آئی یوتھ پنجاب کے عزم نو کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ حکومت نے منی بجٹ میں 178 ارب روپے کے ٹیکس لگادیے ۔ عوام نے انہیں گیس ، بجلی اور پٹرول مہنگا کرنے کے لیے نہیں، سستا کرنے کے لیے ووٹ دیا تھا ۔ عوام نے ریلیف کی امید لگا رکھی تھی ، حکومت نے انہیں مشکل میں ڈال دیا ۔ حکومت غریبوں کو تنگ کرنے کی بجائے سرمایہ داروں ، وڈیروں اور جاگیرداروں سے ٹیکس لے اور بجلی گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے تو ہم شاباش دینے میں بخل سے کام نہیں لیں گے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قوت کا اندازہ اسمبلیوں کی ممبری سے نہیں ، ملک کے گلی کوچوںمیں ہماری دعوت سے لگایا جائے ۔ عوام جو تبدیلی چاہتے ہیں ، وہ صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سپریم کورٹ نیب اور حکومت کی طرف سے پاناما لیکس کے 436 ملزموں کے بارے میں پر اسرار خاموشی ہے ۔ کیا یہ ملزم بہت بااثر اور طاقتور ہیں ؟ اسی لیے حکومت ان پر ہاتھ نہیں ڈال رہی ؟ اگر کوئی غریب اور عام آدمی اس میں ملوث ہوتا تو اب تک حکومت اسے پکڑ چکی ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ صدر کی تقریر میں بھی پاناماکے ملزموں اور دیگر لٹیروں پر مقدموں کا کوئی ذکر نہیں تھا ۔ سراج الحق نے کہاکہ ضیاءالحق نے 11سال احتساب اور کرپشن ختم کرنے کے نام پر حکومت کی مگر اپنے ارد گرد انہی لوگوں کو اکٹھا کیا جن کا اپنا دامن کرپشن سے داغدار تھا اور مشرف نے بھی دس سال تک عوام کو کرپشن کے خاتمے اور بے لاگ احتساب کے خواب دکھائے مگر اپنے پیچھے انہی لوگوں کو چھوڑ گئے جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا ۔ انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنے آپ کو گلی محلے اور یونین کونسل کی سطح پر منظم کریں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لیے بھر پور محنت کریں ۔ جماعت اسلامی ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ہمارا اصل ہدف ملک میں نظام مصطفےٰ کا نفاذ ہے ۔ مجھے اسلامی انقلاب کا اتنا ہی یقین ہے جتنا کل کا سور ج طلو ع ہونے کا ہے ۔۔ ہمارے اصل ہیروحضرت امام حسین ؓ ہیں جنہوںنے قیامت تک کے لیے آنے والی انسانیت کو زندگی کے اصل مفہوم سے روشناس کرایا۔