اسلام آباد(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں مبینہ تاخیر سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچانے سے متعلق نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابراعوان کودودولاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور2 اکتوبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے۔ منگل کوراجہ پرویزاشرف اور بابراعوان عدالت میں پیش ہوئےجبکہ دیگر 3 ملزمان غیر حاضر رہے۔عدالت میں دونوں کی حاضری لگائی گئی جس کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2اکتوبرتک ملتوی کردی ۔کمرہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ انکا نام ریفرنس میں کیوں شامل ہوا؟میڈیا کے نمائندے ریفرنس کو خود پڑھ کر تحقیق کریں،اب عدالت آ ہی گئے ہیں تو اپنی صفائی پیش کریں گے، مجھے اس کیس کا کوئی سر پیر نظر نہیں آ رہا۔رحمت حسین جعفری کمیشن کی رپورٹ پڑھیں تو سب معلوم ہو جائے گا کہ ریفرنس کی کیا حقیقت ہے۔