• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروڑوں دلوں کی ملکہ لیڈی ڈیانا کی وفات کے 21سال بعد بھی ہر وہ چیز یا شخصیت جو ان کی ذات سے منسوب ہو، خود بخود لوگوں کے دلوں میں جگہ بنالیتی ہے۔ ان کی جیولری اور بیوٹی پراڈکٹس عرصہ گزرجانے کے باوجود ٹرینڈ کا حصہ بنی رہتی ہیں۔ ان سے متعلق معلومات قارئین کے زیر مطالعہ اور موضوع بحث رہتی ہیں۔ تاہم آج ہم لیڈی ڈیانا سے منسوب ایک ایسی شخصیت سے متعلق اہم معلومات آپ سے شیئر کرنے جارہےہیں، جن سے ان کا نہ صرف ظاہری بلکہ خونی رشتہ بھی ہے۔ وہ شخصیت ہیں لیڈی ڈیانا کی بھتیجی لیڈی کٹی اسپنسر، آئیے ان کے بارے میں جانتے ہیں۔

پیدائش اور تعلیم

آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کا عکس لیے اسٹائل اسٹارکٹی اسپنسر خوبصورت دوشیزہ ہیں۔ بے پناہ حسن، خوش لباس ، انسان دوست، پرکشش مسکراہٹ اور دلکش شخصیت رکھنے والی کٹی ایلینور اسپنسر، لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بھائی چارلس اسپنسر اور بھابھی وکٹوریہ ایٹکین کی بیٹی اور برطانوی شہزادہ پرنس ولیم اور پرنس ہیری کی فرسٹ کزن ہیں۔ تعلیم کی بات کی جائے توکٹی اسپنسر نے یونیورسٹی آف کیپ ٹاؤن ، ساؤتھ افریقہ میں انگلش لٹریچر ،سیاسیات اور سائیکولوجی جیسے مضامین پڑھے جبکہ ریجنٹ یونیورسٹی آف لندن سےلگژری برانڈ مینجمنٹ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

بطور سیاح

کٹی کو ماڈلنگ کی دنیا میں آئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن سیاحتی دنیا سے ان کا تعلق پرانا ہے۔ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ دنیا بھر کے مختلف اور خوبصورت مقامات پر لی گئی تصاویر سے بھراپڑا ہے۔ ان کے انسٹاگرام فولورز کی تعداد4لاکھ 32ہزار سے بھی اوپر ہے۔ یہی نہیں کٹی اسپنسرمعروف ٹریول ایڈوائزر گروپ سے تعلیم بھی حاصل کرچکی ہیں ۔

بطور ماڈل

جہاں شاہی خاندان کی بہووں، کیٹ مڈلٹن اور میگھن مارکل کی جانب سے شاہی طرز لباس کو جدید پیراہن کے طور پر اپنانے پر دنیا بھر میں مقبول درجہ دیا جاتا ہے، وہیں کٹی اسپنسر کو فیشن کی دنیا میں باضابطہ طور پر اسٹائل اسٹار کے طور پر جانا جاتا ہے۔ 2018ء میں اٹلی کے شہرمیلان میںمنعقدہ فیشن ویک کے دوران دنیا میں اعلیٰ ترین مقام رکھنے والے اٹلی کے معروف فیشن ہاؤس نے اپنے ملبوسات کی تشہیر کے لیے کٹی اسپنسر کو بطور ماڈل منتخب کیا۔ ملبوسات کی تشہیر کے دوران ریمپ پر لی جانے والی تصاویر کو کٹی ا سپنسر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر بھی کیا، جس میں کٹی نےبطور ماڈل انتخاب کو اپنے لیے ایک اعزاز کہااور برانڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ صرف کٹی اسپنسر ہی نہیں بلکہ ان کی والدہ وکٹوریہ ایکٹین بھی ماضی میں بطور فیشن ماڈل کئی نامور برانڈ کا حصہ رہ چکی ہیں۔

فلاحی کاموں میں پیش پیش

کٹی اسپنسر سیاح اور ماڈل کے علاوہ ایک فلاحی کارکن بھی ہیں۔2016ء میں وہ برطانوی فلاحی ادارے کی سفیر بھی رہ چکی ہیں۔ یہ ادارہ برطانیہ میں بے گھر افراد کی فلاح وبہود سے متعلق کاموں میں پیش پیش ہے۔ اس فلاحی ادارے سے کٹی اسپنسر ہی نہیں بلکہ انسان دوست شخصیت اور کروڑوں دلوں کی ملکہ لیڈی ڈیانا اوراب ان کے بیٹے پرنس ہیری بھی منسلک رہے۔ یہی نہیں کٹی برطانیہ میں فوجی خاندانوں کی دیکھ بھال کے انتظام کرنے والے ادارےمیں بطور ’ٹرسٹی‘بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

شاہی خاندان کی شادی میں پرکشش اینٹری

رواں برس ونڈسر محل کے سینٹ جارج چیپل میںبرطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی کو بھلا کون بھول سکتا ہے۔ شاہی خاندان کی خوشی میں جہاں نامور مہمانوں نے شرکت کی، ان میں کٹی اسپنسر آگے آگے تھیں۔ ونڈسرمحل میں داخلہ سے قبل ہی کیمرے کی نگاہیں کٹی اسپنسر پر مرکوز نظر آئیں۔ بلاشبہ کٹی اس دن بے حد خوبصورت، اسٹائلش اور گلیمرس انداز میں تیار ہوئی تھیں۔ کٹی نے اس تقریب کے لیے اٹلی کے مشہور ومعروف برانڈکا ہینڈ پینٹڈ سی گرین گاؤن زیب تن کیا تھا۔ صرف لباس ہی نہیں بلکہ کٹی کی برانڈڈ جیولری، ہاتھ میں پکڑا اورنج کلچ اور خوبصورت اورنج رنگ کے برانڈڈ شوز انھیں کسی خوبصورت شہزادی سے مشابہہ کر رہے تھے۔

آرٹ کی دلدادہ

کٹی بھی رنگوں سے محبت کرنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔ انھوں نے اپنی کالج لائف کے دوران فلورنس (اٹلی) میں آرٹ کی تاریخ کا مطالعہ کیا۔ آج بھی نیویارک سٹی یا پھر جس جگہ کٹی موجود ہوں، آرٹ کے رنگ انھیں اپنی جانب کھینچتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ اسی شوق کی خاطر کٹی کئی آرٹ ایگزیبیشن میں تصویریں لیتی یا ان تصویروں پر نظریں جمائے اور ان کی بولی سمجھتی نظر آتی ہیں۔

تازہ ترین