• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج یوم عاشور، افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدیں بند، موبائل سروس معطل

لاہور / ملتان (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں ) یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے،سکیورٹی سخت، موبائل سروس بند رہے گی پولیس کیساتھ فوج ، رینجرز، ایف سی کے دستے بھی تعینات ، جلوسوں کی فضائی نگرانی ہوگی۔ ادھرچمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی اور تفتان میں پاک ایران سرحد پر زیرو پوائنٹ اور راہداری گیٹ دو روز کے لیے بند کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین ؓاوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج دسویں محرم الحرام بروز(جمعہ)کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگےمرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہوئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے آج 10محرم الحرام کواپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں منائی جائے گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ امن و امان کے تناظر میں ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی ۔ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس جلوسوں کے روٹس پر بند رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے ۔لاہور ، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں آج دس محرم کو بھی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہو گی ۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے امام بارگاہوں، مساجد، عبادت گاہوں اور مزارات کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے ۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان امن عامہ کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ منتخب نمائندے بھی پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہو ں نے تاکید کی کہ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کو کھانے پینے کے اشیاء کی بروقت فراہمی کے انتظامات بھی کئے جائیں۔کمشنر ز اورآر پی او زاپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی کے انتظامات کا موقع پر جاکر خود جائزہ لیں اوراس ضمن میں رپورٹ پیش کی جائے۔ قبل ازیں 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔لاہور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سرگودھا، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل ہے جو جلوسوں کے اختتام پر بحال کی جائے گی۔چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی اور تفتان میں پاک ایران سرحد پر زیرو پوائنٹ اور راہداری گیٹ دو روز کے لیے بند کردی گئی ہےہنگو شہر سیل کردیا گیا ،افغانیوں کے داخلے پر پابند ی ہے۔ ملتان میں قدیمی تعزیہ استاد ، شاگرد سمیت117 دیگر قدیمی امام بارگاہوں سے علم و ذوالجناح اور تعزیہ کے ماتمی جلوس برآمد کئے جائیں گے، 112مجالس عزا منعقد کی جائیں گی ا ماتمی جلوسوں کے موقع پر عزادار ماتم د اری کریں گے جبکہ دولت گیٹ چوک پر تلواروں کا ماتم ہو گا اور دیگر ماتمی جلوسوں پر عزادار زنجیر زنی کریں گے اور شام غریباں برپاکی جائے گی۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کی جانب اس موقع پر سکیورٹی کا فول پروف بندوبست کیا گیا ہے مخدوم رشید میں امام بارگاہ پیر جہانیا ں بستی عاربی ، امام بارگاہ جوادیہ بستی سہو اور مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینہ مخدوم رشید سے برآمد ہو نگے ۔

تازہ ترین