• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا، شہدائے کربلا کو خراج عقیدت

راولپنڈی(خصوصی نمائندہ) نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین اور اُنکے 72جانثاروں کی یاد میں یوم عاشور دنیا پورے ملک میں مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔راولپنڈی کا مرکزی جلوس عاشورہ امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برامد ہوا، جسکی قیادت قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کی جس میں شبیہ ذوالجناح ، علم عباس، تعزیہ ، تابوت اور گہوارہ شہزادہ علی اصغر سمیت دیگر تبرکات شامل تھے۔ اس موقع پر آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے میڈیا اور عزاداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں یوم عاشورہ پر بھارتی جبر و تشددکے باوجود مظلوم کشمیریوں کا ظلم کے سامنے سینہ سپر ہوناحسینیت کی فتح ہے ،کربلائے کشمیر میں حریت کا سورج جلد طلوع ہوگا ۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی جان پاکستان میں ہے اورمسئلہ کشمیر کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے جسکے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب ادھورا رہیگا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹی این ایف جے کی تجاویز پر اپنے وعدے کے مطابق عمل کرتے ہوئے زائرین کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ امام حسین نے عظیم قربانی دیکر حرمت کعبہ عظمت انسانیت اور صداقت دین و شریعت کو بچا کر چار چاند لگا دیئے۔امامبارگاہ کرنل مقبول حسین کالج روڈ اور امبارگاہ حفاظت علی شاہ سے بھی جلوس ذوالجناح اور علم و تعزیہ برآمد ہوئے ۔مرکزی جلوس عاشورہ نے فوارہ چوک میں بڑے جلسے کی شکل اختیار کر لی جہاں علامہ سید قمرحیدر زیدی نے ہزاروں عزاداران سے خطاب کرتے ہوئے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ دریں اثناء چوہڑ ہڑپال میں راولپنڈی کینٹ کا مرکزی ماتمی جلوس عزاخانہ باوا سید کرم حسین شاہ کاظمی سےسید قاسم علی شاہ کے زیر اہتمام برآمد ہوا جس کی قیادت تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ریجنل صدر علامہ مطلوب حسین تقی ، آغاسیدعلی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ ،سید قاسم علی شاہ اور دیگر عمائد ین نے کی ۔دوران جلوس ہزاروں شرکائے جلوس نے چوہڑ چوک میں زنجیر زنی کی ۔بعدازاں ملک ہائوس میں مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری عزاداری سیدعباس کاظمی نے کہا کہ حسینیت کا دم بھرنے والے حق کی راہ میں کسی صعوبت ،پابندی اور رکاوٹ کو ہر گز خاطر میں نہیں لاتے ۔شوال حیدر نقوی ،سیف علی کھوکھر نے بھی مجلس عزا سے خطاب کیا۔۔بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر دربارسخی شاہ پیارا میں اختتام پذیر ہوا ۔
تازہ ترین